Live Updates

پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیںگا،کشمیریوں کے سفیر کے ساتھ ان کا ترجمان اور وکیل بھی بنوں گا

سلامتی کونسل سے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلا کر رہیں گے، حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ رہیں گے وزیراعظم عمران خان کا کشمیر پربھارت کے غاصبانہ قبضے کے حوالہ سے یوم سیاہ کے موقع پر ویڈیوپیغام میں اظہار

اتوار 27 اکتوبر 2019 20:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیںگا،کشمیریوں کے سفیر کے ساتھ ان کا ترجمان اور وکیل بھی بنوں گا، سلامتی کونسل سے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلا کر رہیں گے، حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ رہیں گے۔

اتوار کو مقبوضہ جمو ں وکشمیر پربھارت کے جابرانہ اورغاصبانہ فوج کشی کے حوالہ سے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے ویڈیوپیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ آج وہ سیاہ دن ہے جب 72 سال قبل بھارت نے اپنی افواج کشمیر میں اتاریں، اس وقت کے بھارتی وزیراعظم جواہر لال نہرو اقوام متحدہ میں خود یہ مسئلہ لے کر گئے ،سلامتی کونسل نے فیصلہ دیا کہ کشمیری پاکستان یا بھارت کے ساتھ رہنے کا فیصلہ خودکریں لیکن کشمیریوں کو آج تک یہ حق نہیں ملا ،کشمیری عوام کو مختلف طرح طریقوں سے دھوکہ دیا گیا،مقبوضہ وادی میں دھاندلی زدہ انتخابات کے ذریعے کشمیریو ں کو ورغلانے کی کوشش کی گئی، 30سال پہلے بھی ایسا ایک دھاندلی زدہ انتخاب ہوا ، دھاندلی زدہ انتخاب کے خلاف کشمیری سڑکوں پر نکل آئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا حق خودارادیت کے حصول کے لئے اب تک ایک لاکھ کشمیری شہید ہو چکے ہیں ۔ نریندر مودی نے الیکشن جیت کر 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا دیا، کسی کو کچھ پتہ نہیں کہ اس وقت کشمیر میں کیا ہو رہا ہے، یوم سیاہ کشمیر منانے کا مقصد کشمیریوں کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا،چاروں صوبے اور تمام اقلیتیں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہتھیار اٹھانے کی بات کرنے والے کشمیریوں اور پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں، بھارت یہی چاہتا ہے کہ پلوامہ جیسا کوئی واقعہ ہو اور وہ پاکستان پر حملہ کرے، مودی حکومت کسی واقعہ کو بہانہ بنا کر کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑنا چاہتی ہے، ہم نے کشمیریوں کی اخلاقی ، سفارتی اور سفارتی طور پر مدد کرنی ہے،کشمیریوں کی تحریک کو اب کوئی بھی نہیں روک سکتا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات میں تمام مقامی جماعتوں نے بائیکاٹ کیا ۔ کنٹرولڈ انتخابات کے باوجود حکمران جماعت بی جے پی کو بری طرح شکست ہوئی، مودی اگر حقائق جاننا چاہتے ہیں تو مقبوضہ کشمیر میں ریفرنڈم کرا لیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر منانے کا مقصد کشمیریوں کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری دنیا کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کر دیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، برطانوی وزیراعظم سمیت تمام عالمی رہنماؤں کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے، فرانس کے صدر اور جرمن چانسلر کو بھی بھارتی ظلم و ستم سے آگاہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں دنیا کو مسئلہ کشمیر سے آگاہی ملی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے 9لاکھ فوج کشمیر میں دہشت گردی کے خلاف نہیں بلکہ کشمیریوں کے خلاف دہشت پھیلا نے کے لئے رکھی ہوئیہے، بھارتی فوج طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کی آواز دبانا چاہتی ہے، مودی کی حکومت چاہتی ہے کہ کسی طرح پاکستان کو کشمیرکی صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرائے، مودی حکومت کشمیریوں کی حالت زار سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مودی حکومت کسی واقعہ کو بہانہ بنا کر کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑنا چاہتی ہے، ہم کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی طور پر مدد کرتے رہیں گے، وزیر اعظم نے کہا کہ وہکشمیریوں کے سفیر کے ساتھ ان کے ترجمان اور وکیل بھی بنیں گے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک کو اب کوئی بھی نہیں روک سکتا، سلامتی کونسل سے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلا کر رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ رہیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات