Live Updates

پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مولانا کا استقبال نہیں کریں گے

پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے رہنماؤں کو آزادی مارچ کا استقبال کرنے کا حکم دے رکھا ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 28 اکتوبر 2019 16:43

پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مولانا کا استقبال نہیں کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اکتوبر 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم و گورنر پنجاب محمد احمد محمود آزادی مارچ کے سلسلے میں مولانا فضل الرحمن استقبال نہیں کریں گے۔تفصیلات کے مطابق مخدوم احمد محمود کے دو صاحبزادے رحیم یار خان سے قومی اسمبلی کے رکن ہیں تاہم سابق گورنر پنجاب خاندان کے ہمراہ لاہور گئے ہوئے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے رہنماؤں کو آزادی مارچ کا استقبال کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔خیال رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے استعفیٰ کا مطالبہ لئے اپنے آزادی مارچ کا آغاز کر دیا ہے۔ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اعلان کردہ آزادی مارچ کی حمایت حزب اختلاف کی بڑی جماعتیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

آزادی مارچ کا قافلہ سندھ کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا رات گئے سکھر پہنچا جہاں سے صبح 28 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آگے روانہ ہو گیا جبکہ مولانا فضل الرحمان کا قافلہ مارچ سے نکل کر براستہ دادو لاڑکانہ روانہ ہوا، مولانا فضل الرحمان نے رات لاڑکانہ میں قیام کیا۔ جے یو آئی ف کے ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ سے الگ کرنے کی وجہ ہر شہر میں روکنا بتایا گیا کیونکہ قافلے کو تیزی سے سکھر پہنچنا تھا اور رات کو قومی شاہراہ پر جگہ جگہ قیام کرنا سکیورٹی رسک تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر حملے کے الرٹ بھی جاری ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اور دیگر متعلقہ سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ہوٹل میریٹ سے پاک سیکریٹریٹ تک جانے والی سڑک کا ایک حصہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ خیال رہےکہ اعلان کردہ پروگرام کے تحت آزادی مارچ میں شرکت کے لیے ملک کے دیگر صوبوں، شہروں اور قصبوں سے بھی قافلے مرکزی قافلے کے ساتھ مل کر طے شدہ پروگرام کے مطابق 31 اکتوبر کو سہہ پہر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات