ایل این جی کوٹہ کیس ، شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل ،عمران الحق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19نومبر تک توسیع

پیر 28 اکتوبر 2019 18:20

ایل این جی کوٹہ کیس ، شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل ،عمران الحق کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2019ء) احتساب عدالت نے ایل این جی کوٹہ کیس میں گرفتار سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19نومبر تک توسیع کر دی ہے ۔پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایل این جی کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی ایڈوکیٹ نے کہا کہ اہل خانہ کو کمرہ عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا ہے،فیملی ممبرز کو عدالت نے کورٹ روم آنے کی اجازت دے رکھی ہے ۔فاضل جج محمد بشیر نے حکم دیا کہ جن فیملی ممبرز کے لسٹ میں نام ہیں انہیں آنے دیں۔بیرسٹر ظفراللہ نے استدعا کی کہ سماعت سے قبل شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اجازت دی جائے ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کیس کا ٹرائل ٹی وی پر دکھانے کی بھی درخواست دائر کی ۔ شاہد خاقان عباسی نے مرضی سے علاج کرانے کی بھی ایک الگ درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اخیتار کیا کہ مجھے اپنے خرچے پر شفا اسپتال سے علاج کی اجازت دی جائے ۔عمران الحق کے وکیل نے کہا کہ عدالت جیل سپریڈنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کرے،عدالت کے حکم کے باوجود ہفتے کو جیل میں ملاقات نہیں کرنے دی ۔

عدالت نے شاہد خاقان عباسی ، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کی جوڈیشل ریمانڈ میں 19 نومبر تک توسیع کر دی ۔ عدالت نے ایل این جی کیس میں گرفتار تینوں ملزمان کو اتوار کو ملنے کی اجازت دے دی ۔عدالت نے وکلاء کو بھی ملاقات کے لیے جیل حکام کو ایک دن مقرر کرنے کا حکم ہے ۔عدالت نے جیل حکام سے شاہد خاقان عباسی کی میڈیکل رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔