Live Updates

جہاد امت کی سلامتی اور بقا کا ضامن ہے،کاشف سعید شیخ

بھارت لاتوں کا بھوت جو باتوں سے کبھی کشمیر ی عوام کو آزادی نہیں دے سکتا،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی سندھ

پیر 28 اکتوبر 2019 18:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ جہاد امت کی سلامتی، بقا اور زندگی کی ضامن ہے، جہاد سے ہی کفر کی طاقتیں لرزہ براندام رہتی ہیں، سویت یونین،برطانیہ اور امریکہ کو افغانستان میں مجاہدین نے جہاد کے ذریعے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ،مذاکرات اور منتیں کرنے سے کبھی قابض طاقتیں مظلوم اور محکوم قوموں کو آزاد نہیں کرسکتی ہیں،بھارت لاتوں کا بھوت جو باتوں سے کبھی کشمیریوں کو آزادی نہیں دے سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے کشمیر میں جہاد اور فوج بھیجنے کی بات کرنے والوں کو پاکستان اور کشمیریوں کا دشمن قرارددینے والے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ’’آزاد کشمیر‘‘ کی شکل میں خطہ کشمیر کا جو حصہ موجود ہے وہ بھی قبائلی عوام اور پاکستانی فوج کے جہاد سے بھارت سے آزاد ہوا تھا، بھارت اورمودی جیسا ہٹلر کبھی بھی باتوں اور تقاریر سے کشمیر کے عوام کو آزادی نہیں دے گا نا ہی اقوام عالم،عالمی طاقتیں اقوام متحدہ میں کشمیر پر بھارت کو مجبور کریں گی اسلئے کشمیر کی آزادی اور ظالم بھارتی فوج سے نجات کیلئے جہاد ہی واحد حل ہے ،روس،امریکہ،برطانیہ،فرانس،چین سمیت تمام عالمی قوتیں بھارتی مارکیٹوں تک اپنے سامان اور اسلحہ بیچنے کیلئے کشمیر کے عوام کو بیچنے کیلئے تیار ہیں،پہلے بھی برطانیہ نے کشمیر کے خطے کو برصغیر کی تقسیم کے ایجنڈے میں ادھورا چھوڑدیا اور بھارت کو درپردہ اس بات پر اکسایا کہ وہ کشمیر اور حیدرآباد دکن سمیت مسلم اکثریتی علاقوں پر بزور قوت قبضہ کرلے، ہماری سیاسی اور فوجی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اندراگاندھی نے مکتی باہنی کے غنڈوں اور ہندودہشتگردوں کے ذریعے مشرقی پاکستان کا بازو ہم سے جدا کرلیا، نریندر مودی نے بنگلادیش کہ دورے پر اس بات کا برملا واضح اور دو ٹوک اعلان کیا تھا کہ ’’ہم نے پاکستان توڑنے والوں کی مدد کی اور ہمیں اس پر فخر ہے ‘‘جبکہ آج ہمارا وزیراعظم ڈھٹائی سے جہاد اور کشمیری عوام کو بھارتی ظلم وبربریت سے نجات دلانے کیلئے پاک فوج بھیجنے کی بات کرنے والوں کو پاکستان کا دشمن قرار دے رہا ہے ،افسوس اس بات کا ہے کہ ایک طرف جنت نظیروادیء کشمیر کے ایک کروڑ عوام گذشتہ 80دنوں سے شدید کرفیو اور لاک ڈائون کی وجہ سے فاقہ کشی اور جان بچانے والی ادویات سے بھی محروم ہیں،کشمیری آج پاکستان کے مجاہدین اور پاک فوج کی راہ تک رہے ہیں لیکن ہمارا کپتان جہاد اور کشمیر میں پاک فوج بھیجنے سے نہ صرف انکار بلکہ انہیں پاکستان کا دشمن قرار دیکر کشمیری عوام کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات