فرانسیسی ناشرفیوٹ پیٹائٹ نے پاکستان کے بارے میں سفر کے حوالہ سے اپنی جامع گائیڈ کا دوسرا ایڈیشن 8 سال بعد شائع کر دیا

پیر 28 اکتوبر 2019 22:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2019ء) معروف فرانسیسی ناشرفیوٹ پیٹائٹ نے پاکستان کے بارے میں سفر کے حوالہ سے اپنی جامع گائیڈ کا دوسرا ایڈیشن 8 سال کے وقفہ کے بعد شائع کر دیا ہے۔ فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق یہ سفری گائیڈ ان فرانسیسی سیاحوں کے بڑھتے ہوئے مطالبہ کو پورا کرنے کیلئے فرانسیسی زبان میں شائع کی گئی ہے جو سیاحت کیلئے پاکستان کا ترجیحی طور پر انتخاب کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

فرانس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے فیوٹ پیٹائٹ کی ٹریول گائیڈ کے تازہ ایڈیشن کی اشاعت کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے دنیا بھر میں فرانسیسی زبان بولنے والے سیاحوں کو پاکستان کی سیاحت کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی سفری گائیڈ اور سفارتخانہ کے دیگر اقدامات خصوصاً سفارتخانہ میں سیاحتی ڈیسک کا قیام اور سیاحت کے بارے میں ویب سائٹ کے فرانسیسی زبان میں اجراء سے مزید فرانسیسی سیاح پاکستان کی طرف راغب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :