فرانس میں دہشتگرد کا مسجد پر حملہ

ایک معمر آدمی نے مسجد میں فائرنگ کرکے 2 نمازیوں کو شدید زخمی کردیا، مسجد کو آگ لگانے کی کوشش

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 29 اکتوبر 2019 00:22

فرانس میں دہشتگرد کا مسجد پر حملہ
پیرس (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اکتوبر 2019ء) فرانس میں ایک دہشتگرد نے مسجد پر حملہ کر کے 2افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک معمر آدمی نے مسجد میں فائرنگ کرکے 2 نمازیوں کو شدید زخمی کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے جنوب مغربی شہر بیون میں ایک معمر مسلح شخص نے مسجد کو آگ لگانے کی کوشش کی کہ اسی دوران 2 معمر افراد وہاں آئے۔

دہشتگرد نے معمر افراد کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ دونوں شدید زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا واقعہ پیش آتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے زخمی ہونے والے نمازیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے جس کے بعد حملہ آور کو مسجد کے قریب ہی ایک گھر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ حملہ آور کی عمر 84 سال ہے اور وہ سابق فوجی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعہ کی نماز کے وقت کی ایک سفید فام نسل پرست دہشت گرد نے دو مساجد میں فائرنگ کر کے 50مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا اور اس واقعے میں درجنوں مسلمان زخمی بھی ہوئے تھے۔

شہید ہونے والوں میں 9پاکستانی بھی شامل تھے جن میں سے نعیم رشید شہید نے دہشت گرد کو روکنے کی کوشش میں اپنی جان دے دی تھی۔ نعیم رشید شہید کی بہادری کو پوری دنیا نے سراہا تھا اور پاکستان حکومت نے یومِ پاکستان کے موقع پر انہیں بہادری کے اعزاز سے بھی نوازا تھا۔ نعیم رشید شہید کے بیٹے کی بھی اس واقعہ میں شہادت ہو گئی تھی۔