زندگی میں صرف ایک بار چند دن کے لیے افغانستان گیا

پاکستانی شہری نہ بھی ہوتا تو ٹی وی پر آنے سے پاکستان کا قانون نہیں روکتا،ٹی وی پر تو ٹی ٹی پی رہنما احسان اللہ احسان،کلبھوشن اور بھارتی گرفتار پائلٹ ابھینند بھی آئے،سابق وزیراعظم معین قریشی،شوکت عزیز کو بیرون ملک سے لاکر شناختی کارڈ بنا کر دئیے گئے،مجھے پاکستان میں پیدا ہونے پر مشکوک بنا دیا۔ حافظ حمد اللہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 29 اکتوبر 2019 14:13

زندگی میں صرف ایک بار چند دن کے لیے افغانستان گیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترہن اخبار۔29اکتوبر 2019ء) جمعیت علمائے اسلام ف کے سینئیر رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ کا انٹرویو کے دوران کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے آئین کی وفاداری کا متعدد بار حلف اٹھا چکے ہیں اس لیے وہ قانون کا راستہ اختیار کریں گے۔انہوں نے اس بات کا اظہار بھی کیا کہ مجھے حکومت کے خلاف بولنے کی سزا دی جا رہی ہے کیونکہ ان کی شہریت میں کسی قسم کے شک کی گنجائش نہیں ہے۔

حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ میں 1968 میں چمن میں پیدا ہوا تھا جہاں میرے والد پڑھاتے تھے۔پھر پرائمری بھی وہیں سے پڑھی اور حفظ کیا۔اس کے بعد میٹرک اور ایف اے سب یہاں سے کیا۔زندگی میں صرف ایک بار چند دن کے لیے افغانستان گیا جب وہاں طالبان کی حکومت تھی۔حافظ حمد اللہ نے کہا جب وہ پیدا ہوئے تو خوشی میں والد کے ایک شاگرد نے دو فائر کیے وہ شخص آج بھی زندہ ہے اور گواہ ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ان کے پرائمری کے استاد بھی بقید حیات ہیں،حافظ حمد اللہ نے کہا کہ 1973ء میں بھٹو دور میں شناختی کارڈ بننا شروع ہوئے تب ان کے والد اور والدہ نے 1974 میں قومی شناختی کارڈ بنوا لیے تھے جب کہ والد نے نیشنل بینک میں اپنا اکاؤنٹ 1986ء میں کھول لیا تھا اور تمام دستاویزات اب تک موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دیگر آٹھ بھائی بھی نادرا کے شناختی کارڈ رکھتے ہیں اور پاکستانی شہری ہیں تو پھر وہ کیسے افغان ہو گئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے سارے بیٹے زیرِ تعلیم ہیں تاہم ایک بیٹا آرمی میں بھرتی ہو گیا ہے اور اس وقت کاکول میں زیر تربیت ہے۔پیمرا کی طرف سے ٹی وی پروگراموں میں شرکت میں پابندی پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے کیا کہ اگر میں پاکستانی شہری نہ بھی ہوتا تو ٹی وی پر آنے سے پاکستان کا قانون کسی طرح مانع نہیں تھا،ا،انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر تو ٹی ٹی پی رہنما احسان اللہ احسان بھی آئے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن اور بھارتی گرفتار پائلٹ ابھینند بھی۔سابق وزیراعظم معین قریشی اور شوکت عزیز کو بیرون ملک سے لاکر شناختی کارڈ بنا کر دئیے گئے۔ مگر مجھے پاکستان میں پیدا ہونے پر مشکوک بنا دیا۔