سعودی خاتون کو سوشل میڈیا پر سعودی جوڑے کی ویڈیو بلا اجازت شیئر پر کرنے 20 ہزار ریال جُرمانہ

سنیپ چیٹ پر مشہور سعودی خاتون نے ایک مقامی ریستوران میں کھانا کھا رہے میاں بیوی کی ویڈیو پوسٹ کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 30 اکتوبر 2019 11:11

سعودی خاتون کو سوشل میڈیا پر سعودی جوڑے کی ویڈیو بلا اجازت شیئر پر کرنے ..
دمام(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30اکتوبر2019ء ) سعودی عرب میں سنیپ چیٹ کی خاتون اسٹار کو زیادہ ہوشیاری مہنگی پڑ گئی۔ خاتون کی جانب سے ایک سعودی جوڑے کی بلاجااجازت ویڈیو سنیپ چیٹ پر پوسٹ کرنے پر اُسے 20ہزار ریال کے بھاری جرمانے کی سزا سُنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایک سعودی شہری نے دمام کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا کہ وہ ایک اپنی بیوی کے ساتھ ایک مقامی ریسٹورنٹ میں کھانا کھا رہا تھا، جب سنیپ چیٹ کی اسٹار خاتون نے اُنہیں بتائے بغیر اُن کی ویڈیو بنا لی اور پھر اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کر دی۔

شہری کا کہنا تھا کہ یہ حرکت کر کے خاتون نے ازدواجی جوڑے کی نجی زندگی میں مداخلت کی ہے۔ عدالت نے خاتون اسٹار کو عدالت میں طلب کیا جہاں سماعت کے دوران یہ ثابت ہو گیا کہ اُس نے مُدعی میاں بیوی کی اجازت کے بغیر اُن کی ویڈیو بنا کر اور اُسے سوشل میڈیا پر شیئر کر کے سائبر قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے اُس پر 20 ہزار ریال کا جرمانہ، موبائل ضبط کرنے اور ایک ماہ تک اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ معطل کرنے کی سزا سُنائی گئی۔

خاتون کو حکم دیا گیا کہ وہ متاثرہ فریق کو فوری طور پر 20 ہزار ریال ادا کرے۔ اس فیصلے کو ٹویٹر صارفین نے بہت زیادہ سراہا ہے۔ ایک سعودی نوجوان فواد کا کہنا تھا ”عدالت کے اس فیصلے کو سراہتا ہوں کیونکہ آئندہ کوئی اس طرح کے منفی اقدام سے باز رہے گا“ جبکہ ایک ٹویٹر صارف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں لوگوں کی نجی زندگی میں ان کی اجازت کے بغیر مداخلت کرنے پر ایک سال قید اور 5 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہے، مگر خاتون کو یہ سزا نہ دے کر اُس سے رعایت برتی گئی ہے۔ اُسے بھی قانون کے مطابق ہی سزا مِلنے چاہیے تھی۔ ایک اور صارف خاتون کا کہنا تھا کہ 20 ہزار ریال کا جرمانہ بہت کم ہے، یہ تو ایک اشتہار کی کمائی ہے، خاتون پر بھاری جرمانہ ہونا چاہیے۔