بحیرہ عرب کا طوفان کیار کمزور ہوکر کیٹگری 3 کے ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل، صومالیہ کے ساحل سے ٹکرانے کے امکانات

یک اور ہوا کا کم دبائو بھارت کے سمندر میں موجود ہے،60فیصد امکان ہے کہ ہوا کا یہ کم دبائو سائیکلون میں تبدیل ہو جائے گا،سردار سرفراز

بدھ 30 اکتوبر 2019 16:44

بحیرہ عرب کا طوفان کیار کمزور ہوکر کیٹگری 3 کے ٹراپیکل سائیکلون میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2019ء) بحیرہ عرب کا طوفان کیار کمزور ہوکر کیٹگری 3 کے ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل ہو گیاہے، جس کے اب افریقی ملک صومالیہ کے ساحل سے ٹکرانے کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے جبکہ بحیرہ عرب کے جنوب مشرقی حصے میں ہوا کا ایک اور کم دبائو موجود ہے، جو ڈپریشن کی صورت اختیار کرجائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کیار طوفان بحیرہ عرب کے مغرب میں موجود ہے اور اس کی شدت بتدریج کم ہو رہی ہے۔کیار طوفان کراچی سے 790 کلو میٹر اور عمان کے جزیرے مسراہ سے 366 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، سائیکلون خلیجِ عدن پہنچ کر ہارن آف افریقہ کو پار کرے گا۔ماہرینِ موسمیات کے مطابق طوفان کے گرد 180 سے 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جو صومالیہ کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ ایک اور ہوا کا کم دبائو بھارت کے قریب کرناٹک کے سمندر میں موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ 60 فیصد امکان ہے کہ ہوا کا یہ کم دبائو سائیکلون میں تبدیل ہو جائے گا، سائیکلون بننے کے بعد اس کے رخ اور شدت کا اندازہ کیا جاسکے گا، کم دبائو سے بننے والے اس سائیکلون کو ماہا کانام دیا جائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج جمعرات اور جمعہ کوبوندا باندی کا امکان ہے۔