صحت مند جسم اور دماغ کے لئے کھیل انتہائی ضروری ہیں، کمشنر ساہیوال

جمعرات 31 اکتوبر 2019 17:39

چیچہ وطنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2019ء) کمشنر ساہیوال ڈویژ ن ندیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت سکول لیول سے بچوں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ایسے اقدامات پر عمل پیرا ہے جن سے نہ صرف ان کی ذہنی بلکہ جسمانی نشورونما میں بھی اضافہ ہو گا کیونکہ صحت مند جسم اور دماغ کے لئے کھیل انتہائی ضروری ہیںجو انسانی جسم کی بہترین نشورونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے دفتر میں کمشنر گولڈ کپ کے حتمی انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جو 5 سے 16 نومبر تک منعقد ہو گا اور اس میں ساہیوال ڈویژن کی ساتوں تحصیلوں کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔اجلاس میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد فاروق اکمل ،ٹورنا منٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین چوہدری نوریز شکور، شیخ محمد چوہان اورملک محمد یار ڈھکو کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کھیل جسمانی قوت برداشت ،قوت حافظہ ،طاقت اور اعضاء کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لہذا ان تمام مقابلوں میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے تا کہ ساہیوال ڈویژن کے شہریوں کو ایک اچھی تفریح میسر آئے۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد نے اجلاس کو بتایا کہ یہ مقابلے شیخ ظفر علی سٹیڈیم ،سپورٹس جمنیزیم اور ہاکی کلب گرائونڈ ،اوکاڑہ میںسپورٹس جمنیزیم اور پاکپتن کے مختلف گرائونڈز میں منعقد ہونگے جن میںہر تحصیل سے 140مردکھلاڑی وآفیشل جبکہ 70خواتین کھلاڑی وآفیشل حصہ لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ مردوں کے کھیلوں میں اتھلیکٹس،بیڈ منٹن،سوئمنگ ،ٹائیکو انڈو،ہاکی،ٹیبل ٹینس،کرکٹ ،سنوکر ،فٹ بال ،والی بال اور ریلسنگ جبکہ خواتین میں اتھلیکٹس ،بیڈ منٹن ،ٹائیکوانڈو ،ہاکی ،ٹیبل ٹینس اور والی بال کے مقابلہ جات ہوں گے جس کیلئے کھلاڑیوں کی سلیکشن بالکل میرٹ پر کی گئی ہے اور اس پر کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد نے مزید بتایا کہ کمشنر گولڈ کپ انٹرتحصیل ٹورنا منٹ میں ڈویژن بھرکی ساتوں تحصیلوں کی لڑکیوں اور لڑکوں کی ٹیمیں مختلف کھیلوں میں شرکت کریں گی۔یہ مقابلے ساہیوال ،اوکاڑہ اورپاکپتن میں منعقد ہونگے جن میں لڑکوں کی11اور لڑکیوں کی 6ٹیمیں حصہ لیں گی۔