قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کا نیب سکھر کا دورہ

میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ، بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے، چیئرمین نیب

جمعرات 31 اکتوبر 2019 23:40

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2019ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب سکھر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نیب سکھر کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیب سکھر نیب کا ایک اہم علاقائی بیورو ہے جس نے نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے گزشتہ 23 ماہ میں بدعنوانی کے 600 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے گزشتہ 23 ماہ میں 71 ارب روپے قوم کے لوٹے گئے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ’’احتساب سب کے لئے‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، نیب فیس نہیں بلکہ کیس دیکھتا ہے اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دینے پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب سکھر کی کارکردگی ڈی جی نیب عرفان بیگ کی نگرانی میں شاندار ہے جس کو مزید بہتر بنانے کے لئے نیب سکھر کے افسران اپنی کاوشوں کو دگنا کریں۔

متعلقہ عنوان :