داعش نے البغدادی کی موت کی تصدیق کردی، جانشین نامزد ،امریکا کو سبق سکھانے کی دھمکی

شوریٰ کونسل کا اجلاس طلب ، جہادی لیڈروں نے ان کے جانشین پر اتفاق کیا ہے،ترجمان داعش کا صوتی پیغام

جمعہ 1 نومبر 2019 11:05

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2019ء) سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے اپنے لیڈر ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے اور ابوابراہیم الہاشمی القریشی کو ان کا جانشین نامزد کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق داعش کے ترجمان ابوحمزہ القریشی نے ایک صوتی بیان جاری کیا اور اس میں کہا کہ ہم عقیدت مندوں کے کمانڈر کا سوگ منانے کا اعلان کرتے ہیں۔

ابوبکر البغدادی ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں امریکا کی خصوصی فورسز کی ایک کارروائی میں مارے گئے تھے۔وہ 2014ء سے داعش کے سربراہ چلے آرہے تھے۔ان کی عمر48 سال تھی۔ترجمان نے اتوار کو ایک اور حملے میں داعش کے ایک سابقہ ترجمان ابو حسن المہاجر کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ۔

(جاری ہے)

اس نے بیان میں کہا کہ داعش کی قانون ساز اور مشاورتی کونسل کا ابوبکرالبغدادی کی ہلاکت کے بعد طلب کیا گیا تھا۔

اس سات منٹ کے صوتی پیغام میں کہا گیا کہ دولت اسلامیہ کی شوریٰ کونسل کا شیخ ابوبکر البغدادی کی شہادت کی تصدیق کے فوری بعد اجلاس طلب کیا گیا تھا اور جہادی لیڈروں نے ان کے جانشین پر اتفاق کیا ہے۔داعش کے ترجمان نے امریکا کو بھی سخت انتباہ جاری کیا ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس سے اتوار کوایک نشری تقریر میں خود ابوبکرالبغدادی کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ سرنگ میں پھنس کررہ گیا تھا۔ وہ چیخ اور چلا رہا تھا۔وہ ایک کتے کی موت مارا گیا تھا۔داعش کے ترجمان نے اس نئے صوتی پیغام میں ٹرمپ کو ایک ’’احمق بوڑھا‘‘ قرار دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ امریکا اور اس کے حامیوں سے بغدادی کی موت کا انتقام لیا جائے گا۔ترجمان نے خبردار کیا کہ امریکا کو زیادہ خوش نہیں ہونا چاہیے،آپ کو ایسا سبق سکھایا جائے گا کہ آپ سب کچھ بھول جائیں گے اور بغدادی کے دنوں کی فتوحات کی یاد تازہ کر دی جائے گی۔