چنے کی کاشت پر 5 ایکڑ تک 2 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جائے گی، محکمہ زراعت پنجاب

جمعہ 1 نومبر 2019 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 نومبر2019ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ چنا بطور خوراک لحمیات کی فراہمی کا سستا اور مقوی ذریعہ ہیں، پنجاب میں ہر سال 20 سے 22 لاکھ ایکڑ رقبہ پر چنے کاشت کیے جاتے ہیں جو پاکستان میں چنے کے کل رقبہ کا 86 فیصد ہے جس میں تقریباً 92 فیصد رقبہ بارانی اور 8 فیصد آبپاش کاشت کیا جاتا ہے، امسال وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت صوبہ پنجاب میں چنے کی کاشت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ، میانوالی، بہاولنگر، سرگودھا، ڈی جی خان، لیہ، اٹک، خوشاب، راجن پور، چکوال، بھکر اور مظفر گڑھ کے رجسٹرڈ کاشتکاروں کو چنے کی کاشت پر 5 ایکڑ تک 2 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سبسڈی واؤچر چنے کے بیج کی بوری میں فراہم کیے جائیں گے۔ سبسڈی کے حصول کیلئے کاشتکار سکریچ کارڈ نمبر space ہمراہ شناختی کارڈ نمبر 8070 پر بھیجیں۔

مطلوبہ ایس ایم ایس موصول ہونے پر کاشتکار 5 سو روپے فوری وصول کریں گے جبکہ 15 سو روپے فصل کی کٹائی پر موصول ہونے والے ایس ایم ایس کے بعد وصول کریں گے۔ کاشتکار سبسڈی کی رقم کسی بھی قریبی موبائل مرچنٹ سے حاصل کرسکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے اس پروگرام کے تحت چنے کے زیر کاشت رقبہ اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔