Live Updates

تم اور تمہاری کابینہ یومیہ اجرت والے ہیں جو مالکان کو جوابدہ ہیں، نیئر بخاری کی حکومت پر تنقید

شوکت عزیز نے بھی مالکان کے کہنے پر حکمرانی کی اور ملک چھوڑ کر چلے گئے، عمران خان بھی ملک سے بھاگ جائیں گے، آزادی مارچ کے جلسہ سے خطاب

جمعہ 1 نومبر 2019 18:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے حکمرانوں پر شدید تنقید کرتے کہاہے کہ تم اور تمہاری کابینہ یومیہ اجرت والے ہیں جو مالکان کو جوابدہ ہیں ، شوکت عزیز نے بھی مالکان کے کہنے پر حکمرانی کی اور ملک چھوڑ کر چلے گئے، ان کا کوئی مفاد اس ملک میں نہیں تھا اور عمران خان بھی ملک سے بھاگ جائیں گے۔

جمعہ کو پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے شرکت کے اعلان کے بعد سینئر رہنما نیئر بخاری اور فرحت اللہ بابر سمیت دیگر اراکین نے آزادی مارچ میں شرکت کی اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم نے ضیا الحق اور پرویز مشرف کا مقابلہ کیا اور اب متحدہ اپوزیشن کے ذریعے موجودہ حکومت کا مقابلہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تم اور تمہاری کابینہ یومیہ اجرت والے ہیں جو مالکان کو جوابدہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شوکت عزیز نے بھی مالکان کے کہنے پر حکمرانی کی اور ملک چھوڑ کر چلے گئے، ان کا کوئی مفاد اس ملک میں نہیں تھا اور عمران خان بھی ملک سے بھاگ جائیں گے۔ نیئر بخاری نے کہا کہ 1973 کا آئین سیاسی جماعتوں نے دیا، آج پارلیمنٹ کی حیثیت گر چکی ہے، ’آرڈیننس فیکٹری‘ سے 10 آرڈیننس جاری کردئیے گئے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہاکہ ہم اس ملک میں اسلامی جمہوری پارلیمانی نظام چاہتے ہیں اوراس ملک کے عوام عمران خان کا احتساب لیں گے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی بناؤ یا نہ بناؤ، بنی گالہ کو یونیورسٹی ضرور بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ اگر حکومت گھبرائی ہوئی نہیں ہے تو ٹی وی پر آزادی مارچ کی کوریج پر کیوں پابندی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات