بنجمن نیتن یاھو کی ایک بارپھر ایران پر حملے کی دھمکی

ایران کی طرف سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیارہیں، طاقت کے استعمال سے ایک لمحہ گریز نہیں کرینگے جو ملک ہمارے خلاف جارحیت کریگا اس کا پوری جرات کیساتھ مقابلہ کیاجائیگا، اسرائیلی وزیر اعظم کا تقریب سے خطاب

جمعہ 1 نومبر 2019 19:28

بنجمن نیتن یاھو کی ایک بارپھر ایران پر حملے کی دھمکی
حیفا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2019ء) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایک بارپھر ایران پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہاہے کہ ہم ایران کی طرف سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیارہیں، طاقت کے استعمال سے ایک لمحہ گریز نہیں کرینگے جو ملک ہمارے خلاف جارحیت کریگا اس کا پوری جرات کیساتھ مقابلہ کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

بری فوج کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب میں نیتن یاھو نے کہا کہ ایران کی جانب سے امریکی ڈرون طیارے کو مار گرائے جانے کے بعد رد عمل ظاہر نہ کرنے سے ایران مزید جری اور بے باک ہوگیا ہے۔

نیتن یاھو نے کہا کہ ہم اپنا دوسرا گال ایران کے طمانچے کیلئے تہران کے آگے نہیں کریں گے، ہم ایران کی طرف سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم ایران پر طاقت کے استعمال سے ایک لمحے کے لیے بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو ملک ہمارے خلاف جارحیت کرے گا اس کا پوری جرات کیساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شام، لبنان، عراق، غزہ اور یمن کے علاقے اسرائیل کے لیے خطرہ بنتے جا رہے ہیں مگر اسرائیل ہرسطح پر ملک کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرے گا۔