یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں زیرِ تعلیم 12000 طلباء اس خطے میں معاشرتی تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے،وائس چانسلر محمد زکریا ذاکر

جمعہ 1 نومبر 2019 20:21

لاہور۔یکم نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 نومبر2019ء) یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں زیرِ تعلیم 12000 طلباء اس خطے میں معاشرتی تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے کلیدی کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے خزاں سمسٹر میں داخلہ لینے طلباء کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی تعلیم محض ایک شخص کی زندگی تبدیل نہیں کرتی بلکہ ایک پورے خاندان اور معاشرے کی زندگی میں مثبت تبدیلی پیدا کرتی ہے۔ تعلیم انسان کو مضبوط بناتی ہے۔ اس خطے میں کئی طرح کی معاشرتی برائیاں موجود ہیں جس میں خواتین اور بچوں پہ تشدد، چائلڈ لیبر، بچوں سے جنسی زیادتی، کم عُمری کی شادیاں، آبادی میں بے ہنگم اضافہ، منشیات اور اسٹریٹ کرائمز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اگر ہم یہاں کی نوجوان نسل کو تعلیم اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں شامل کر لیں تو یہ برائیاں ختم ہو سکتی ہیں۔ ڈاکٹر زکریا نے نئے آنے طلباء کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ یونیورسٹی کا ماحول طالبات کے لیے نہایت سازگار ہے اور پہاں پہ داخلہ لینے والوں میں سے طالبات کی شرح ستر فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلی تعلیم یافتہ خواتین کم عمری کی شادی، تشدد ، عورتوں کی شرح اموات اور آبادی میں اضافے جیسے مسائل کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق خزاں کے داخلوں میں 6000 نئے طلباء تعلیمی عمل میں شامل ہوئے ہیں۔ یونیورسٹی اس وقت 39 شعبہ جات میں 83 ڈگری پروگرامز آفر کر رہی ہے۔ اس تعارفی تقریب کا مقصد نئے آنے والے طلباء کو خوش آمدید کہنا اور ان کو یونیورسٹی کے قواعد وضوابط کے بارے میں آگاہ کر نا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کی کیرئیر کونسلنگ بھی کی گئی۔

تقریب میں حصہ لینے والے شعبہ جات میں شعبہ ابلاغیات، شعبہ عمرانیات، شعبہ نفسیات، شعبہ فنونِ لطیفہ، شعبہ اردو، شعبہ ریاضی، شعبہ اقتصادیات، ڈیپارٹمنٹ آف مینجمینٹ سائنسز، شعبہ انگریزی، شعبہ باٹنی، شعبہ کمپوٹر سائنس، شعبہ بائیوٹیکنالوجی، شعبہ اسلامیات، فیکلٹی آف سائنسز اور شعبہ ایجوکیشن شامل ہیں۔۔تمام انتظامی اور تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان نے اس تقریب میں شرکت کی۔

ایڈیشنل رجسٹرار جنرل جمیل عاصم، ایڈیشنل رجسٹرار کاشف محمود ثاقب، ڈائیریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ ایکیڈیمکس وقار احمد شیخ، ڈائیریکٹر اینوائرمینٹل ہیلتھ اینڈ سیفٹی ڈاکٹر شفیق الرحمن، ڈائیریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی خورشید اصغر، ڈائیریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر سید عبدالوحید، ایڈیشنل ٹریثررڈاکٹر محمد واجداور ریذیڈنٹ آفیسر جنرل ڈاکٹر شہزاد احمد نے طلباء کو یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط اور یہاں میں مہیا کی جانے والی سہولیات اور مواقع کے بارے میں طلباء کو آگاہ کیا۔