ٹڈی دل کے غول بھارت سے چولستان میں داخل ہورہے ہیں، ڈی جی پیسٹ وارننگ پنجاب سیدظفریاب حیدر

ہفتہ 2 نومبر 2019 16:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2019ء) ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ پنجاب سید ظفریاب حیدر نے کہا ہے کہ بہاولپور، ملتان، مظفر گڑھ اور ڈیرہ خا زی خان کے چندعلاقوں میں ٹڈی دل (مکڑی) کا حملہ مشاہدے میں آیا ہے،ٹڈی دل کے غول بھارت کی سرحد سے چولستان میں داخل ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہالپور کے نواحی چکوک 9 بی سی، 10بی سی، 7بی سی، 6 بی سی کے دورے کے دوران کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران جنوب سے شمال کی طرف تیز ہواؤں کے سلسلے نے ٹڈی دل کو راجھستان سے چولستان کی طرف منتقل کردیا ہے اور اب ٹڈی دل بڑے غول کی شکل اختیار کرچکی ہے اور آبادی والے علاقوں میں داخل ہورہی ہے اور ادھر سے ہوتی ہوئی یہ بلوچستان کے کوسٹل بیلٹ کے راستے ایران کی طرف واپس ہجرت کررہی ہے، راستے میں ٹڈی دل درختوں پر قیام کرتی ہے تاہم اب تک کپاس اور کماد کی فصل کو مکڑی کے حملے سے بالکل نقصان نہیں پہنچا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں لوکل کمیونٹی کو ٹڈی دل سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر بارے رہنمائی کررہی ہیں، کاشتکاروں سے کہا جارہا ہے کہ لوہے کے ٹین کے ڈبے بجائیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی کاشتہ فصلوں مثلاً برسیم، لوسرن، سرسوں، رایا اور سبزیوں وغیرہ پر ہرگز نہ بیٹھنے دیں کیونکہ یہ ان فصلات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ کاشتکار اپنی فصل کو بچانے کیلئے ٹین کے ڈبے مسلسل بجاتے رہیں تاکہ ٹڈی دل کو ایک جگہ ٹھہرنے کا موقع نہ ملے۔

انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل صرف دن کے وقت نقصان کرتی ہے، رات کو درختوں پر آرام کرتی ہے۔ یہ سورج طلوع ہونے کے بعد سبزہ چاٹنے کی سرگرمیاں شروع کرتی ہے لہٰذا سورج نکلنے کے بعد متواتر ڈرم بیٹنگ کرتے رہیں۔اس موقع پرڈائریکٹر زراعت توسیع بہالپور ڈویژن جمشید خالد سندھو،ڈپٹی دائریکٹر زملک نجم الحسن، چودھری محمد زبیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں، سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔