24ستمبر کے زلزلہ سے پبلک اور پرائیویٹ املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے انجینئر نگ کونسل کے ممبران کا اعلی سطحی اجلاس

زلزلہ سے میرپور اور بھمبر شدید متاثر ،40افراد شہید ،12 سو سے زائد افراد زخمی ہوئے، متاثرہ علاقوں میں تین ہزار سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوئے ،7330 مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا،کمشنر میر پور ڈویژن اجلاس میں انجینئر نگ کونسل کی طرف سے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں نئی کنسٹرکشن کے لئے بلڈنگ کوڈز کے مکمل نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں

ہفتہ 2 نومبر 2019 18:01

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2019ء) 24ستمبر کے حالیہ زلزلہ سے پبلک اور پرائیویٹ املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان انجینئر نگ کونسل کے ممبران کا اعلی سطحی اجلاس کمشنر میرپور ڈویژن و ریلیف کمشنر چوہدری محمد طیب کی زیر صدارت کرائسز مینجمنٹ سیل کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر DCRIP طارق محمود شعلہ،پا کستان انجینئر نگ کونسل کی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر انجینئر عبدالقدیر، ڈی جی ایم ڈی اے چوہدری اعجاز احمد رضا، ڈی جی ایم ڈی ایچ اے احمد ایاز، ڈی جی اینٹی کرپشن انصر یعقوب، ڈپٹی کمشنر راجہ طاہر ممتاز، PECکے انجینئر غلام کریم، انجینئر عاطف لطیف اعوان ،سید ابراراحمد گردیزی ، چیف انجینئر CDOسید تصدق حسین شاہ ،انجینئر صفدر علی ،ڈاکٹر شاہد محمود ،پروفیسر ڈاکٹر سید محمد علی ، چیف انجینئر سلیمان شاہد، خرم شہباز احمد ،اسیسمنٹ کمیٹی کے انچارج و ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار خالد محمود خان، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن طاہر محمود مرزا، ایس ای بلڈنگ مسعود عزیز قادری، ایس ای شاہرات احمد علی چوہدری ،ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئر نگ و سٹرکچرل انجینئر نگ تنویر انجم قریشی ، سٹرکچرل انجینئر انعام الحق چوہدری ،ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین ،ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز ریحانہ شاہ محمد خان ،انجینئر ذیشان ممتاز چوہدری ،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک ،ایکسین برقیات محمد ضیاد اکبر کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور انجینئرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں منگلا ڈیم ہاوسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ورکس انجینئر چوہدری انعام الحق نے ملٹی میڈیا پر زلزلہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ تیار کی جس میں زلزلہ سے اس وقت تک ہونے والے نقصانات اور اب تک ہونیوالی جملہ پراگراس کے حوالے سے تمام معلومات شامل تھیں۔کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری محمد طیب نے اجلاس میں بتایا کہ حالیہ 24ستمبر کے زلزلہ سے آزاد کشمیر کے دو اضلاع میرپور اور بھمبر شدید متاثر ہوئے جن میں 40 افراد شہید ہوئے 12 سو سے زائد افراد زخمی ہوئے، زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تین ہزار سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوئے 7330 مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

نہر اپر جہلم میں بھی کئی جگہ سے شگاف پڑے اور نہر کی دونوں اطراف کی روڈز جن میں منگلا جاتلاں روڈ بری طرح متاثر ہوئی نہر اپر جہلم پر بنے ہوئے 4 برج مکمل تباہ ہوئے اس طرح دیگر پرائیویٹ اور پبلک قیمتی پراپرٹی کو بھی شدید نقصان پہنچا، زلزلہ کے فوری بعد ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، این جی اورز،سمیت تمام ریاستی اداروں نے بھرپور اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔

اجلاس میں پاکستان انجینئر نگ کونسل کی طرف سے زلزلہ متاثرہ علاقوں ضلع میرپور اور بھمبر میں نئی کنسٹرکشن کے لئے بلڈنگ کوڈز کے مکمل نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں پاکستان انجینئر نگ کونسل کی ٹیم زلزلہ متاثرہ علاقوں میں روڈ انفراسٹرکچر ،پبلک اور پرائیویٹ بلڈنگ کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی جائزہ لے رہی ہے جس میں نقصانات کی وجوہات کا مکمل جائزہ لے کر حتمی رپورٹ حکومت آزادکشمیر کو پیش کی جائیگی ۔

اجلاس میں ڈی جی ادارہ ترقیات چوہدری اعجاز رضاء نے بتایا کہ زلزلہ کے بعد حکومت آزادکشمیر نے نئی کنسٹرکشن کے لیے ادارہ ترقیات کو نئی بلڈنگ کی تعمیر کے لیے ڈرائینگ اور ڈیزائن کے لیے نقشہ جات پاس کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے اس سلسلہ میں ادارہ ترقیات میں سٹرکچرل انجینئر کی تعیناتی عمل میں لائی جائیگی ۔اجلاس میں پاکستان انجینئر نگ کونسل کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کے کوآرڈینیٹراور ممبران کا کہنا تھا کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں نئی تعمیرات کے لئے نہ صرف بلڈنگ کوڈکے مطابق نقشہ جات پاس کروائے جائیں بلکہ تعمیرات میں جملہ شرائط پرمکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس کی مانیٹرنگ بھی کروائی جائے ۔

اگر متاثرہ علاقوں میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں تعمیر شدہ عمارات بلڈنگ کوڈ کے مطابق بنی ہوتی تو نقصانات کم ہوتے کمیٹی نے مزید کہا کہ قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا اگر چہ انسان کے بس میں نہیں تاہم زلزلہ کے حوالے سے اگر بلڈنگ کوڈ کے مطابق عمارات تیار ہوں تو جانی اور مالی نقصانات کم سے کم ہوسکتے ہیں ۔پاکستان انجینئر نگ کونسل نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے عمل میںعوام الناس سے کہا کہ وہ اپنی بلڈنگ کو خوبصورت اور ماڈرن بنانے کے بجائے اسے بلڈنگ اسٹرکچر سے ہم آہنگ کر کے محفوظ بنائیںاور اس سلسلہ میں عوام الناس میں شعور بیدار کیاجائے ۔

پاکستان انجینئر نگ کونسل نے زلزلہ سے متاثرہ کئی بڑی عمارات ،پلازہ جات اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا عملی جائزہ لیا اور موقع پر موجود اسٹرکچر کا بھی معائنہ کیا۔بعدازاں کمیٹی نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میرپور ،جاتلاں ،پل منڈا ،ساہنگ ،افضل پور،نہر اپر جہلم کی روڈ سمیت دیگر زلزلہ متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا ۔