اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے استعفے،نئے انتخابات پر اتفاق کرلیا

حکومت سے مذاکرات کیلئے ہماری پہلی شرط استعفیٰ ہے،ہم رابطہ رکھنے سے خائف نہیں، سب سے پہلے حکومت کو اپنا لب ولہجہ درست کرنا ہوگا، آئندہ کے آپشنز میں اسمبلیوں سے استعفے، لاک ڈاؤن، ہائی ویز بلاک کی تجویز زیرغور ہے۔رہبرکمیٹی کے اجلاس کے بعد کنونیئر اکرم درانی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 2 نومبر 2019 18:51

اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے استعفے،نئے انتخابات پر اتفاق کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 نومبر2019ء) اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے استعفے،نئے انتخابات پر اتفاق کرلیا،اپوزیشن جماعتوں کی رہبرکمیٹی کے کنونیئر اکرم درانی نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کیلئے ہماری پہلی شرط استعفیٰ ہے، ہم رابطہ رکھنے سے خائف نہیں ، سب سے پہلے حکومت کو اپنا لب ولہجہ درست کرنا ہوگا، آئندہ کے آپشنز میں اسمبلیوں سے استعفے، لاک ڈاؤن، ہائی ویز بلاک کی تجویز زیرغور ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی رہبرکمیٹی کے کنونیئر اکرم درانی کی زیرصدارت اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ جس میں اپوزیشن کی نو سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ رہبرکمیٹی کے اجلاس کے بعداکرم درانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج رہبرکمیٹی میں مستقبل کے فیصلے کیے گئے، تمام جماعتوں کا اتفاق ہے کہ آزادی مارچ کے مقاصدجس میں وزیراعظم کا استعفیٰ ، فوج کے بغیرنئے انتخابات کروائے جائیں۔

(جاری ہے)

اس مقصد کو آگے بڑھانے کیلئے مختلف تجاویز زیرغور ہیں۔رہبرکمیٹی برقراررہے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے رابطے کرنے کی تجویز دی ہے۔ہم رابطہ رکھنے سے خائف نہیں ہیں، لیکن ہمارے وزیراعظم کی گلگت کی تقریر سامنے ہے، پرویز خٹک کی بات جو کہتا استعفے پر کوئی بات نہ کرے۔ یہ سب جمہوری جماعتیں ہیں، ہماری پہلی شرط استعفیٰ ہے، ہم رابطے سے انکاری نہیں ہے، سب سے پہلے حکومت کو اپنا لب ولہجہ درست کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں تمام غیرجمہوری قوتوں کو خبردار کیا گیا ہے۔میں جو بھی بات کرتا ہوں وہ ساری جماعتوں کا متفقہ فیصلہ اور زبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے تجاویز پیش کی گئی ہیں۔یہ ساری تجاویز ساری جماعتوں میں جائے گی،اسمبلیوں سے استعفے، لاک ڈاؤن، ہائی ویز کو بلاک کرنے کے آپشن موجود ہیں۔ ہم فیصلے کریں گے کہ کس نے ڈی چوک جانا ہے، کیسے جانا ہے، ڈی سی اسلام آباد کے درمیان معاہدہ ہوا۔