نوجوان خواتین ہمارا سرمایہ ہیں اور ان کا قوم کی ترقی میں موثر کردار ہے، سیدمحمد حبیب اللہ

حقوق کے ساتھ فرائض کو نہیں بھولنا چاہیے کیونکہ کسی کا فرض کسی کا حق ہوتا ہے،جناح یونیورسٹی برائے خواتین میں پینل ڈسکشن کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 2 نومبر 2019 22:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2019ء) ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افئیرز، محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان حکومت سندھ کے زیر اہتمام جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی میں نوجوان طالبات کے لیے‘‘رائٹ ٹو نو یور رائٹس’’کے عنوان سے ایک پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ان کے بنیادی سماجی، معاشی، سیاسی و قانونی حقوق سے آگاہی دینا تھا۔

پینلسٹ میں عالیہ برنی، ماروی اعوان، جبران ناصر اور مسعود رضا نے نہ صرف نوجوانوں کو آگاہی دی بلکہ ان کے سوالوں کے تسلی بخش جوابات بھی دیے جبکہ ڈسکشن کے ماڈریٹر بلال خان تھے ۔ پروگرام میں جناح یونیورسٹی برائے خواتین کی ڈین سوشل سائنس ڈاکٹر فریدہ لودھی نے شرکا سے گفتگو کی جبکہ شعبہ میڈیا سائنس کی نوجوان طالبات نے پروگرام کے انعقاد میں بھرپور معاونت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افئیرز سید محمد حبیب اللہ نے کہا کہ محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان محترم سیکرٹری سید امتیاز علی شاہ کی سربراہی میں سندھ کے نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لیے مصروف عمل ہے ان کا کہنا تھا کہ حقوق کے ساتھ فرائض کو نہیں بھولنا چاہیے کیونکہ کسی کا فرض کسی کا حق ہوتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان خواتین ہمارا سرمایہ ہیں اور ان کا قوم کی ترقی موثر کردار ہے۔پروگرام کے اختتام پر شرکا میں اعزازی شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں جس کے بعد تمام شرکا کے لیے ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔