صحت مند معاشر ے کے قیام کے لیے کھیلوں کے میدان کو آباد کرناہو گا ،ایاز احمد میر

آزاد خطہ پرامن علاقہ ہے جہاں کھیلوںکو فروغ دیا جانا چاہیے ،جن معاشروں میں کھیل کے میدان آباد ہیں وہاں بیماریاں نہیں آتیں،ڈائریکٹر جنرل منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی

اتوار 3 نومبر 2019 17:00

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2019ء) ڈائریکٹر جنرل منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی ایاز احمد میر نے کہا کہ صحت مند معاشر ے کے قیام کے لیے کھیلوں کے میدان کو آباد کرناہو گا ۔آزاد خطہ پرامن علاقہ ہے جہاں کھیلوںکو فروغ دیا جانا چاہیے جن معاشروں میں کھیل کے میدان آباد ہیں وہاں بیماریاں نہیں آتیں۔ سپورٹس سرگرمیوں سے صحت مند معاشرے تشکیل پاتے ہیں اور ایک دوسرے کوبرداشت کرنے کاموقع ملتاہے۔

نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں کو ترک کرکے مثبت سرگرمیوں کی طرف آناچاہیے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں سپورٹس کو اہمیت دی جا رہی ہے حکومت آزادکشمیر محکمہ سپورٹس کے زیراہتمام مختلف کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پانچویں منشازیب مرحوم بیڈ منٹن ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجہ طاہر ممتاز ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ایم ڈی ایچ اے چوہدری امجد اقبال ، چیف آفیسر بلدیہ چوہدری غلام یاسین ، سٹرکچرل انجینئر انعام الحق چوہدری، تحصیلدار یاسر آفتاب گردیزی ، ایس ڈی او برقیات یاسر ربانی ، ایس ڈی او برقیات راجہ وقاص ، بیڈ منٹن ایسوسی ایشن میرپور کے صدر چوہدری شوکت ، سینئر صحافی کاشف رشید کے علاوہ عوام علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

ڈائریکٹر جنرل منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی ایاز احمد میر نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر ضلعی سطح پرسپورٹس اسٹیڈیم تعمیرکر رہی ہے جس سے نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کوفروغ مل گا۔ انھوں نے کہاکہ جس معاشرے میں کھیلوں کاانعقاد ہوتاہے وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔کھیلوں سے جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کوجلاملتی ہے۔ تحمل اور برداشت کوفروغ ملتاہے۔بعدازاں انھوں نے میچ جیتنے اور والی ٹیم کے کھلاڑیوں کوانعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔