تمام فورسز الرٹ ہیں کسی بھی حالات سے نمٹیں گے، وزیرداخلہ اعجاز شاہ

ڈی چوک اور ڈپلومیٹک انکلیو جانے والے تمام راستے سیل، پیش قدمی کرنے والوں پر ہیلی کاپٹر سے بھی شیلنگ کی جائے گی، سکیورٹی کیلئے15 ہزار اہلکار تعینات کردیے گے۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 3 نومبر 2019 20:09

تمام فورسز الرٹ ہیں کسی بھی حالات سے نمٹیں گے، وزیرداخلہ اعجاز شاہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 نومبر2019ء) وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ تمام فورسز الرٹ ہیں کسی بھی حالات سے نمٹیں گے، حکومت نے ڈی چوک جانے والے تمام راستے سیل کردیے، ڈپلومیٹک انکلیو کے راستوں کو بھی کنٹینرز سے بند کردیا گیا، سکیورٹی کیلئے15 ہزار اہلکار تعینات کردیے گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی رہائش گاہ پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں حکومت نے مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ ہمیں سنجیدگی سے مولانا  کیساتھ مذاکرات کرکے حل نکالنا چاہیے۔ ہمیں اپوزیشن سے بات چیت کرنی چاہیے۔ مولانا صاحب ابھی تک اپنے معاہدہ پر قائم ہیں تو ہمیں بات کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

ہمیں صبر و تحمل سے کام لینا چاہیے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ہم مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

وزیر داخلہ اعجاز شاہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فورسز تیار ہیں کسی بھی حالات سے نمٹیں گے۔ اسی طرح ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں کوبریف بھی کیا۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہمارا اولین فرض ہے۔ دوسری جانب سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت سے ملاقات کی حامی بھر لی۔ چودھری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ جس میں معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کرنے کی درخواست کی گئی۔ ذرائع جے یوآئی ف سے معلوم ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت سے ملاقات کی حامی بھر لی۔ چودھری شجاعت حسین کل اسلام آباد جائیں گے۔