Live Updates

وزیراعظم تمام جمہوری مطالبات پر بات کرنے کیلئے تیارہیں،فردوس عاشق

وزیراعظم نے حکومتی ٹیم کو مذاکرات کیلئے مکمل مینڈیٹ دیا ہے، کمیٹی ہرایشو پر بات کرسکتی لیکن بلیک میلنگ اور بہتان تراشی سے نہیں۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 3 نومبر 2019 23:42

وزیراعظم تمام جمہوری مطالبات پر بات کرنے کیلئے تیارہیں،فردوس عاشق
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 نومبر2019ء) وفاقی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم دھرنے والوں سے تمام جمہوری مطالبات پر بات کرنے کیلئے تیارہیں،وزیراعظم نے حکومتی ٹیم کو مذاکرات کیلئے مکمل مینڈیٹ دیا ہے، کمیٹی ہرایشو پر بات کرسکتی لیکن بلیک میلنگ اور بہتان تراشی سے نہیں۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں اپنے ردعمل میں کہا کہ اسلا م آباد میں چند دنوں سے تھیٹر چل رہا ہے۔

کچھ لوگ مذہب کا لبادہ اوڑھ کر اسلام آباد آئے۔ انہوں نے کہا کہ جو ہر دفعہ شائستگی کی حدیں پھلانگتا ہے اس لیے مذاکراتی  کمیٹی بنائی۔ آئین کی روشنی میں ہر سہولت اور سیکیورٹی دے کر مارچ کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حضرت فضل الرحمان کو اسٹیج دستیاب ہوا بہترین اداکاری کی۔

(جاری ہے)

جو خود کو عالم دین کہتا ہے لیکن الزام تراشی کرتا ہے۔

جو حکومت کی رٹ چیلنج کرنے آرہا تھا اس کا اسلام آباد میں خیرمقدم کیا۔ فضل الرحمان نے لوگوں کے اعصاب سے کھیلا اور مداری کا مظاہرہ کیا۔ اجتماع کے شرکاء سے بچوں کے جھولے بھی محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریر میں وزیراعظم عمران خان پر ذاتی حملے کیے گئے۔ مارچ کے شرکا کا کوئی واضح ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری کی کنٹینرپرتقریر سے بینظیر کی روح کو تکلیف پہنچی ہے۔

سیاست میں اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے۔ وزیراعظم پر عزم ہیں جمہوری مطالبات سامنے لائیں۔ حکومتی ٹیم کو وزیراعظم نے مذاکرات کیلیے مکمل مینڈیٹ دیا ہے۔ اگر آپ الیکشن اصلاحات پر بات کرنا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں۔ اگرآپ معیشت پر بات کرنا چاہتے ہیں توہم تیار ہیں۔ اگر وہ سلیکشن تھی توآپ کے ایم این ایز نے اسی الیکشن کے تحت حلف اٹھائے۔

ایک سال بعد آپ کے بیانیے میں کچھ اور مہک آرہی ہے اس کا الیکشن سے تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی ہر ایشو پر بات کرنے کو تیا رہے لیکن بلیک میلنگ ،بہتان تراشی سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مارچ سے سب سے زیادہ کشمیر کے معاملے کو زک پہنچی۔ اسلام آباد میں مارچ کیوجہ سے بچے اسکول نہیں جا پا رہے۔ شہری بھی پریشانی کی کیفیت میں ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات