روپے کی قدر میں کمی سے ملک میں ہوشربا مہنگائی جنم لے رہی ہے‘راجہ عدیل

ردپے کی قدر میں کمی ڈالر مہنگا ہونے سے برآمدی خام مال میں اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہوا‘سینئر نائب صدر لوہا مارکیٹ شہید گنج

پیر 4 نومبر 2019 15:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2019ء) تاجر رہنما انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی سے ملک میں ہوشربا مہنگائی جنم لے رہی ہے جبکہ موجودہ حکومت کے مالی سال 2017-18میں روپے کی قدر گرنے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 5کھر ب سے زائد خسارہ کا سامنا کرنا پڑا،اسٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ کے مطابق روپے کی بے قدری کے باعث مرکزی بینک کو506ارب13کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑاجو تشویشناک امر ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی اورڈالر مہنگا ہونے سے صنعتی شعبہ میں استعمال ہونے والے برآمدی خام مال کی قیمت میں اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہوا اوراس کی پیداواری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے ملک میں ہوشربا مہنگائی نے جنم لیاجس کی روک تھام کیلئے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کی5سال کے دوران اسٹیٹ بینک کو اوسطاٴْ 282ارب روپے منافع ہوا جبکہ پیپلز پارٹی کے 5سالوں میں اوسطاٴْ سالاہ منافع199ارب روپے رہا۔جبکہ موجودہ حکومت کے پہلے سال ہی اسٹیٹ بینک کو506ارب 13کروڑ نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس کی بنیادی وجہ روپے کی قدرمیں کمی ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت روپے کی قدر مستحکم کرنے اور ڈالر کو کنٹرول کرے تاکہ ملک میں ہوشربا مہنگائی کی روک تھام کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ بینک کے خسارہ میں بھی کمی ہوسکے ۔