Live Updates

میاں اسلم اقبال نےال پاکستان پلاسٹک مینو فیکچررز ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام تین روزہ چھٹی پلاسٹک انٹر نیشنل ایکسپو کا افتتاح کر دیا

کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اقدامات بار آور ثابت،ملک کی درجہ بندی میں 28درجے بہتری آئی،وزیر صنعت وتجارت

پیر 4 نومبر 2019 18:47

میاں اسلم اقبال نےال پاکستان پلاسٹک مینو فیکچررز ایسو سی ایشن کے زیر ..
لاہور۔4 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2019ء) صوبائی وزیرصنعت و تجارت و اطلاعات میاں اسلم اقبال نے پیر کے روز ایکسپو سنٹر جوہر ٹاؤن میں آل پاکستان پلاسٹک مینو فیکچررز ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام تین روزہ چھٹی پلاسٹک انٹر نیشنل ایکسپو کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا اور ان سٹالوں پر رکھی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر نے نمائش کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشیں تجارتی و اقتصادی سر گرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔صوبائی وزیر نے نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کی پہلے دن سے ہی یہی حکمت عملی رہی ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول پیدا کیا جائے۔

(جاری ہے)

کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے حکومت کے کئے گئے اقدامات بار آور ثابت ہوئے ہیں جس کی بدولت ملک کی درجہ بندی میں 28درجے بہتری آئی ہے۔وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور کاروبارمیں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاپنگ بیگز کے حوالے سے معزز عدالت میں حکومت نے بھر پور موقف پیش کیا ہے اور عدالت نے بھی اس مسئلے کے حل کے لئے وقت دیا ہے،تمام سٹک ہولڈرز کی مشاورت سے اس مسئلے کا حل نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیکجز انڈسٹری بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے اورماضی میں اس صنعت کو فروغ دینے کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے،ہماری حکومت اس انڈسٹری کے فروغ کے لئے کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی نظام کو خراب کرنا آسان جب کہ اس کو ٹھیک کرنا مشکل امر ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت نظام کی درستگی کے لئے کوشاں ہے،ملک کو کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سی50سے 60درجے کے درمیان میں لائیں گے۔

صوبائی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپو زیشن کی رہبر کمیٹی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان رابطے موجود ہیں، انشا اللہ گفت و شنید کے ذریعے مسئلے کا حل نکل آئے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے کرنٹ اکائونٹ اور تجارتی خسارے میں کمی ہوئی ہے اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ان حالات میں ملک احتجاج، انتشار اور دھرنوں کا متحمل نہیں ہو سکتا،دھرنوں سے عالمی برادری کو بھی مثبت پیغام نہیں جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی طرح بھی مناسب نہیں کہ دھرنوں میں مسلح جتھوں کے ساتھ بیٹھا جائے، ایسے رویے ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔چیئرمین پاک پلاس سید نبیل ہاشمی نے شاپنگ بیگ کے حوالے سے کہا کہ حکومت کے ساتھ مل کر مسئلے کا حل نکالیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات