Live Updates

سردار خالد ابراہیم جرات مند ، باکردار ، اصول پسند اور دیانتدار سیاسی قائد ،ساری سیاسی زندگی اصولوں پر کاربند رہی،خواجہ فاروق احمد

تاریخ سردار خالد ابراہیم کی خدمات و کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکے گی، مرحوم رہنما کی سیاسی خدمات اور کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا،مرکزی جائنٹ سیکرٹری تحریک انصاف

پیر 4 نومبر 2019 20:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری و سابق وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ سردار خالد ابراہیم جرات مند ، باکردار ، اصول پسند اور دیانتدار سیاسی قائد تھے جن کی ساری سیاسی زندگی اصولوں پر کاربند رہی۔ سردار خالد ابراہیم کی خدمات و کردار کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرسکے گی۔

رب کریم نے سیاست کے میدان میں سردار خالد ابراہیم کو جو عزت و مقام عطا کیا وہ کم ہی لوگوں کے حصے میں آیا۔ مرحوم رہنما کی سیاسی خدمات اور کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ممبر اسمبلی و نامور سیاسی رہنما سردار خالد ابراہیم کی پہلی برسی کے سلسلہ میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کے دوران سابق وزیر خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم آزاد کشمیر کی سیاست میں وہ جرنیل تھے جنہوں نے اس میدان میں عظیم نام کمایا اور خلق خدا کی خدمت کی ۔

سیاست ، جمہوریت ، اور عوامی حقوق کے لئے سردار خالد ابراہیم مرحوم کا کردار تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ سردار خالد ابراہیم نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور کبھی اصول قربان نہیں کئے ۔ یہی وجہ ہے کہ آج ریاست کے اندر ہر جماعت کا کارکن ان کے بلند کردار کا معترف ہے ۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم مرحوم کے جانشین سردار حسن ابراہیم ہیں امید ہے کہ وہ اپنے والد مرحوم کے مشن کو لے کر آگے بڑھیں گے اور اپنے خاندان کی عظیم سیاسی روایات کو پروان چڑھائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات