کوچز دوسرے صوبوں کے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو تیاری کرائیں‘ڈی جی سپورٹس پنجاب

کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپس میں تمام جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، کھلاڑی جیت کے جذبے کے ساتھ بھرپور تیاری کریں ‘عدنان ارشد اولکھ

پیر 4 نومبر 2019 20:05

کوچز دوسرے صوبوں کے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2019ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام 33ویں نیشنل گیمز پشاور کی تیاری کے لئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپس جاری ہے جس میں ماہر کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے پیر کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیشنل گیمز میں دوسرے صوبے مکمل تیاری سے حصہ لے رہے ہیں، کوچز دوسرے صوبوں کے کھلاڑیوں کی تیاری اور ان کے ٹیلنٹ کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو تیاری کرائیں، انہوں نے مزید کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپس میں تمام جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، کھلاڑی جیت کے جذبے کے ساتھ بھرپور تیاری کریں اور کوچز کی نگرانی میں اپنے کھیل کو مزید بہتر بناکر نیشنل گیمز پشاور میں زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتیں۔

(جاری ہے)

سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں باسکٹ بال، ٹینس، سوئمنگ، بیڈ منٹن، کراٹے، تائیکوانڈو، والی بال کے تربیتی کیمپس میں کوچز کھلاڑیوں کو جدید خطوط پر تربیت دے رہے ہیں، کیمپس میں کھلاڑی پرعزم ہیں کہ وہ 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں یادگار پرفارمنس دیں گے اور پنجاب کو فتح دلائیں گے۔