انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں ہفتہ اینٹی کرپشن منانے کے حوالے سے تقریب

پیر 4 نومبر 2019 23:22

پشاور۔04 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2019ء) انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں ہفتہ اینٹی کرپشن منانے کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد انجینئرنگ یونیورسٹی میں کیا گیا۔تقریب کا اہتمام بین الاقوامی یوم بد عنوانی کی مناسبت سے کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی انجینئرنگ یونیورسٹی کے رجسٹرار انجینئر ڈاکٹر خضر اعظم خان تھے جنہوں نے بدعنوانی کے خلاف ایکآگاہی واک میں حصہ لے کر ہفتہ اینٹی کرپشن کا آغاز کیا جس میں فیکلٹی ممبران ، طلباء و طالبات و دیگر سٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ہفتہ اینٹی کرپشن کا اہتمام انجینئرنگ یونیورسٹی کے کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی نے ڈائریکٹر کلب اینڈ سوسائٹی ڈاکٹر صمد بصیر کی زیرسرپرستی کیا ہے جو4 نومبر سے 9نومبرتک جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

ہفتہ اینٹی کرپشن منانے کا مقصد طلباء، فیکلٹی اور سٹاف میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی پیدا کرنا ہے۔اس موقع پر رجسٹرار یو ای ٹی انجینئر ڈاکٹر خضر اعظم خان نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان بھی دنیا کے کرپٹ ممالک میں شامل ہے لیکن ہمارے نوجوان اس ناسور کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا سکتے ہیں۔

انہوں نے اس سلسلے میں انجینئرنگ یونیورسٹی اور طلباء کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی جیسے لعنت سے قانون کی بالادستی اور شفافیت کے ذریعے سے ہی چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی جنہوں نے کرپشن کے خلاف جہاد کا تہیہ کر رکھا ہے۔ کہ کرپشن ہمارے معاشرے میں ہر طرف پھیلی ہوئی ہے جس کی روک تھام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر لائق حسن ،چئیرمین کمپوٹر سسٹم انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر مدثر حبیب ، چئیرمین شعبہ کیمیکل انجینئرنگ ، ڈاکٹر ناصر احمد اور ، پروفیسر ڈاکٹر فرید اللہ ڈائر یکٹر سی ڈی سی بھی موجود تھے۔