حضرت شاہ علی اکبرؒکے مزارکی تزئین وآرائش اوربحالی کے لئے ٹھیکوں کی نیلامی 18نومبرکوہوگی

پیر 4 نومبر 2019 23:34

ملتان ۔ 04 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2019ء) محکمہ آثاریات پنجاب کی طر ف سے حضرت شاہ علی اکبرؒکے پانچ سوسال پرانے مزارکی تزئین وآرائش اوربحالی کے لئے ٹھیکوں کی نیلامی 18نومبرکوہوگی۔ 2کروڑ70لاکھ سے زائد کایہ منصوبہ تکنیکی منظوری کے بعد نیلامی کے عمل میں داخل ہوگیا۔محکمہ آثارقدیمہ کے ذرائع نے امیدظاہرکی ہے کہ ڈائریکٹرجنرل محکمہ آثاریات پنجاب اورٹینڈرکمیٹی سے منظوری کے بعددربارکی بحالی کے اس منصوبے پردسمبر2019ء میں کام شروع ہوجائے گا۔

انچارج محکمہ آثاریات ملتان ملک غلام محمد نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حضرت شاہ علی اکبرؒحضرت شمس الدین سبزواری کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں ان کامزار 1585عیسوی میں تعمیرکیاگیاتھا۔مزار سورج میانی کے کابلی محلہ میں واقع ہے ۔

(جاری ہے)

حضرت شاہ علی اکبرؒکے مزار کاطرز تعمیر حضرت شاہ رکن عالم ؒکے مزار کی ہوبہوچھوٹی کاپی ہے ۔انچارج محکمہ آثاریات نے کہاکہ اس مزار میں حضرت شاہ رکن عالم کے مزار کی تمام خصوصیات شامل ہیں ۔

مزار ملتان کی چمکتی کاشی ٹائل کاایک بے مثال نمونہ ہے۔انہوںنے کہاکہ اس مزار کی دیواروں کوبھی اینٹوں کے ڈیزائن اورٹائل کے کام سے سجایاگیاہے۔مزار کے اندرونی حصے کوسرسوں کے تیل لیمپ اورموم بیتوں کے دھوئیں سے بہت نقصان پہنچاہے ۔انہوںنے کہاکہ خستہ حالی کے باوجودمزار کی اندرونی دیواروں پرنقاشی کے اصل نمونے موجودہیںجن میں سے کچھ بہت ہی نایاب عربی نمونے بھی ہیں ۔