آسیان ممبر ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے وفد کی سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات

وفد مسئلہ کشمیر اور کشمیر میں بھارتی مظالم کے اصل حقائق جاننے کیلئے محمد اعظمی عبدالحمید کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے،وفد میں ملائیشیا ، انڈونیشیا، برونائی دالااسلام کمبوڈیا، تھائی لینڈ ، میانمار اور سنگاپور کے اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں

منگل 5 نومبر 2019 18:10

آسیان ممبر ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے وفد کی سپیکر قومی اسمبلی اسد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2019ء) آسیان اراکین پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کو عالمی مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس کے حل تک علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر کشمیری عوام کی حالت زار کو اٴْجاگر کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے مظلوم کشمیری عوام ، جنہیں بھارتی حکومت نے انسانی حقوق اور شناخت سے محروم کر رکھاہے، کیخلاف بھارتی جارحیت و بربریت کی مذمت کی۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے آسیان ممبر ممالک کے اراکین کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے منگل روز ہونے والی ملاقات کیا۔ آسیان ممبر ممالک کا وفد مسئلہ کشمیر اور کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کے اصل حقائق کو جاننے کیلئے محمد اعظمی عبدالحمید صدر مجلس پروندگان ملائیشیا کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

وفد میں ملائیشیا ، انڈونیشیا، برونائی دالااسلام کمبوڈیا، تھائی لینڈ ، میانمار اور سنگاپور کے اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں۔ وفد کو کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ کشمیر کی عوام کو عالمی تاریخ کے بدترین لاک ڈائون کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مقبوضہ وادی کے عوام اس وقت بنیادی انسانی حقوق تک سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 93 دنوں سے جاری لاک ڈؤن نے وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور وادی میں ذرائع مواصلات کے تعطل، اشیاء خوردنوش، ادویات اور روزمرہ کی دیگر اشیاء ضروری کی عدم فراہمی نے مقبوضہ وادی کے عوام کی زندگیوں کو انتہائی اجیرن بنا دیا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں بے گناہ نوجوانوں حبس بے جا میں رکھ کر بہیمانہ تشدد کیا جارہا ہے اور بغیرکسی عدالتی کارروائی قتل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی جانب سے خواتین اور بچوں پر اسلحے کا بے دریغ استعمال ایک معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے دورے پر آئے ہوئے وفد کے اراکین کو مقبوضہ وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرانے اورمسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں اور کشمیر عوام کی اٴْمنگوں کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنی متعلقہ پارلیمانوں میں کشمیر کی حقیقی صورتحال کو اٴْجاگر کرنے کے لیے کہا۔

وفد کے سربراہ محمد اعظمی عبدالحمید نے کہا کہ آسیان ممبر ممالک کشمیر عوام کی حق خودارادیت جس سے بھارت مسلسل انکار کر رہا ہے کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جس طرح اٴْجاگر کر رہا ہے وہ اٴْس کی جانب سے بین الاقومی برادری سے کئے گئے وعدوں کا سراسر انحراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حقیقی تناظر میں اٴْجاگر کرنے کے لئے آسیان کشمیر ایڈوکیسی گروپ تشکیل دیا جائے گا۔

انہوں نے بھارتی افواج کی جانب سے کشمیر عوام پر عائد مذہبی عبادات اور رسومات کی ادائیگی پر پابندیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے بتایا کہ اٴْن کا وفد کشمیر عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ بھی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوسرے اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ آسیان ممبر ممالک کے سپیکروں سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں کشمیر سے متعلق حقائق سے آگاہ کریں گے۔

قبل ازیں دونوں اطراف نے آسیان ممبر ممالک اور پاکستان کے مابین سفارتی و تجارتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے کے ممالک کے مابین معاشی شعبوں میں تعلقات فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان۔چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ خطے کے ممالک کیلئے گیم چینجز کی حیثیت رکھتا ہے اور خطے کے ممالک کے مابین رابطوں کے فروغ سے آسیان ممالک اس منصوبے سے بھرپور طور پر مستفید ہو سکتے ہیں۔ محمد اعظمی عبدالحمید نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور خطے میں امن اور ترقی کے لیے اس کے کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسیان خطہ جو ساٹھ کروڑ آبادی پر مشتمل ہے پاکستان کا ایک بڑا تجارتی شراکت دار بن سکتا ہے۔