بلوچستان حکومت عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،وزیراعلیٰ جام کمال

منگل 5 نومبر 2019 19:30

بلوچستان حکومت عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سنجیدہ ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے فاطمید فاؤنڈیشن کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)معین الدین حیدر نے منگل کے روز یہاں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ ) معین الدین حیدر نے وزیراعلی کو فلاحی ادارے فاطمید فاؤنڈیشن سے متعلقہ امور،بچوں میں تیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے امراض اور اس حوالے سے طبی سہولیات کی فراہمی میں ادارے کی مجموعی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وزیراعلی نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے صوبے بھر کے ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جبکہ بولان میڈیکل کمپلیکس میں کینسر وارڈ کی تعمیر، شیخ زید ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کے لیے علیحدہ یونٹ اور کینسر میں مبتلا بچوں کی بہتر نگہداشت کے لئے کینسر ہسپتال کی تعمیر کے منصوبوں پر پوری طرح سے عمل پیرا ہے وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان بے پناہ وسائل رکھتا ہے یہاں پر موجود معدنیات،ساحلی پٹی ،زراعت اور لائیو سٹاک سے بھرپور طریقے سے استفادہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جس سے صوبے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور صوبہ معاشی خود کفالت کی جانب گامزن ہوگا وزیراعلی نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں خصوصی سرمایہ کاری بھی کر رہی ہے اس ضمن میں ہیومن ریسورس کو بہتر کرنے،نرسنگ اسکولوں کی تعمیر،غیر فعال سرجری یونٹس کی فعالی اور ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کی حاضری کو یقینی بنایا جا رہا ہے وزیر اعلی نے فاطمید فاونڈیشن کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوباء حکومت فاطمید فاؤنڈیشن کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریگی انہوں نے ادارے کی کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔