مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں پوری طرح شریک ہیں اور راہ آزادی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر

منگل 5 نومبر 2019 20:16

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2019ء) وزیر اعظم آزاد جموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے حریت پسندوں کی جدوجہد آزادی میں پوری طرح شریک ہیں اور انشاء اللہ ہم راہ آزادی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہدائے جموں کے موقع پر جہاں ہم تحریک آزادی کے شہیدوں کو اپنا سلام عقیدت پیش کرتے ہیں وہاں اس بات کا بھی عہد کرتے ہیں کہ ہم اس مشعل کو ہر صورت فروزاں رکھیں گے جو ان شہیدوں نے اپنے خون سے روشن کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ آزادی اور حریت کا نعرہ بلند کرنے والوںکی آواز کو دبانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔ مقبوضہ علاقے میں اسلامی تہذیب و ثقافت کو مسخ کرنے اور تناسب آبادی کو تبدیل کرنیکی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا تعلق ریاست پاکستان سے ہے اور وہ اس کیلئے اپنی کئی نسلیں قربان کر چکے ہیں ۔وادی میں شہید ہونے والے بوڑھوں ، بچوں ، عورتوں کے جنازے سبز ہلالی پرچم میں دفنائے جارہے ہیں ، نہتے کشمیری بھارت کے جدید اسلحے سے لیس فوج کا مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری آزادی کی منزل قریب آگئی ہے وہ دن بہت جلد آنے والا ہے جب ساری ریاست آزادہو کر پاکستان کا حصہ بنے گی ۔