شہداء جموں کے خون نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی ہے، وزیر اطلاعات و سیاحت آزاد کشمیر

منگل 5 نومبر 2019 20:16

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2019ء) وزیر اطلاعات و سیاحت آزاد جموں وکشمیر راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ شہداء جموں کے خون نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی یہی وجہ ہے کہ آج بھی کشمیریوں کی تحریک آزادی زندہ وتابندہ ہے ۔ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت نے تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس سلسلہ میں تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کا ر لایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت اٹوٹ انگ کی رٹ چھوڑ کر کشمیریوں کو ان کے ساتھ عالمی سطح پر کیا گیا حق خودارادیت کا وعدہ پورا کرے تاکہ جنوبی ایشیاء امن کا گہوارہ بنے اور عوام کے لئے ترقی و خوشحالی کے دروازے کھلیں۔عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو بند کرائے اور بھارت کو اس بات پر مجبور کریںکہ وہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ممکن بنانے کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تا کہ کشمیریوں کے بنیادی حق کا فیصلہ ان کی خواہشا ت کے مطابق ہو۔