شہبازشریف کا آصف زرداری کی علالت پر گہری تشویش کا اظہار

دوران قید علاج فراہم نہ کرنا سیاسی انتقام نہیں تو اور کیا ہے؟ حکومت آصف زرداری کے علاج کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 نومبر 2019 19:33

شہبازشریف کا آصف زرداری کی علالت پر گہری تشویش کا اظہار
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 نومبر2019ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے آصف زرداری کی علالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوران قید علاج فراہم نہ کرنا سیاسی انتقام نہیں تو اور کیا ہے؟ حکومت آصف زرداری کے علاج کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے سابق صدر آصف زرداری کی بیماری پراپنے ٹویٹ میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کی شدید علالت پر گہری تشویش ہے۔

آصف زرداری کا علاج کروانا ان کا بنیادی ، قانونی اور انسانی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوران قید علاج و معالجہ فراہم نہ کرنا سیاسی انتقام نہیں تو اور کیا ہے؟ حکومت آصف زرداری کے علاج معالجے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر آصف زرداری کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

(جاری ہے)

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے پیغام میں بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی صحت کے بارے میں ہمارے خاندان میں تحفظات بڑھتے جارہے ہیں۔ ابھی تک ان کو ماہرین اور ذاتی معالج کی رسائی نہیں دی گئی۔ اگر آصف زرداری کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ واضح رہے کہ آصف زرداری کی گزشتہ ہفتے جیل میں طبیعت بگڑ گئی تھی، جس پر انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ روز آصف زرداری کی ہارٹ بیٹ معمول کے مطابق نہیں تھی جس پر ہارٹ بیٹ کی مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری کے تمام ٹیسٹ کلیئر ہونے تک اسپتال میں رکھنے کا امکان ہے۔ سابق صدردو ہفتوں سے پمز کے کارڈیک وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ اسی طرح پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی چھوٹی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ چھ ماہ ہوگئے اور میرے والد کو ان کے ڈاکٹرز تک رسائی نہیں دی گئی ہے۔