اسکول طالبعلم نے بہادری کی مثال قائم کردی

ڈرائیور کی اچانک موت ہوجانے پر اسکول بس کو روک کر کئی بچوں کی جان بچا لی

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 6 نومبر 2019 06:27

اسکول طالبعلم نے بہادری کی مثال قائم کردی
ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 نومبر2019ء)   ہم نے آج تک کئی ایسی ویڈیوز دیکھی ہیں جس میں اسکول وین رکی ہوتی ہے اور اس کا ڈرائیور کچھ لینے کے لیے نکلتا ہے تو بچے شرارت کے طور پر گاڑی چلانے کی کوشش کرتے اورحادثہ کا شکار ہو جاتے ہیں مگر اب کی بار چلتی گاڑی کو روک کر طالبعلم نے سب کو حیران کر دیا۔اسکول طالبعلم نے بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے کئی ہم جماعت ساتھیوں کی جان بھی بچا لی۔

ایک اسکول طالبعلم کی اس قدر بہادری کامظاہرہ کرنے پر سبھی حیران ہیں اور اس کی تعریف بھی کررہے ہیں کہ اس کی سمجھداری کی وجہ سے کئی بڑا سانحہ جنم لینے سے رہ گیا۔سعودی عرب کے شہر تیما میں اسکول کے طالبعلم نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی قیمتی جانوں کو بچا لیا۔

(جاری ہے)

تیما شہر کے مقامی اسکول بس کا ڈرائیور بچوں کو گھر چھوڑنے جارہا تھا کہ اس دوران چلتی بس میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔

بس میں موجود ایک طالبعلم نے موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر نہ صرف بس کو کنٹرول کیا بلکہ بحفاظت اسے روک بھی دیا۔بچے کی حاضر دماغی کے باعث بس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، اس حوالے سے مقامی تعلیم کے نگراں ادارے نے ایک پوسٹ ٹوئٹر پر شیئر کی ہے جس میں واقعے کی تفصیل اور بس کی تصویر شامل ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ اگرچہ بس کو معمولی نقصان پہنچا ہے مگر طالبعلم نے کئی جانوں کو بچا لیا ہے۔

مذکورہ طالبعلم کو حاضر دماغی کا مظاہرہ کرنے پر اس کی تعریف اور ستائش کی۔ادارے نے دوران ڈرائیورنگ جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کے اہل خانہ سے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے لیے صبر جمیل اور متوفی کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اگر بچہ بروقت بس کو کنٹرول کرتے ہوئے گاڑی نہ روکتا تو شاید بہت بڑا نقصان ہوتااور کئی بچوں کے ساتھ ساتھ شاید راہ گیروں کی جان بھی جا سکتی تھی۔