قومی ٹیم پہلی عالمی جونیئر کبڈی چیمپئن شپ میں شرکت کیلئی کل ایران روانہ ہوگی

بدھ 6 نومبر 2019 12:44

قومی ٹیم پہلی عالمی جونیئر کبڈی چیمپئن شپ میں شرکت کیلئی کل ایران روانہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2019ء) 14 رکنی قومی ٹیم پہلی عالمی جونیئر کبڈی چیمپئن شپ (ایشین سٹائل) میں شرکت کیلئی کل جمعرات کو لاہور سے ایران روانہ ہوگی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے بتایا کہ 14 رکنی قومی ٹیم آفاق خان(سینئر)،آفاق خان(جونیئر)، عظمت علی، حماد خان، علی حسن ، جواد علی عامر، محمد عرفان(سینئر)، محمد عرفان (جونیئر)، محمد آصف، محمد اویس، شاہ زیب، شان علی، عمیر خان اور اسامہ احمد پر مشتمل ہے۔

واجد علی کوچ، بدر محی الدین منیجر جبکہ شاہد اقبال راجہ چیف ڈی مشن کے فرائض سر انجام دینگے۔ فسٹ جونیئر ورلڈ کبڈی چیمپئن شپ (ایشین سٹائل)9 سی15 نومبر تک ایران میں کھیلی جائیگی۔ عالمی چیمپئن شپ 9 سے 15 نومبر تک ایران کے شہر کش میں کھیلی جائیگی جس میں16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان، ایران، کینیڈا، ڈنمارک، بھارت، کینیا، یوگنڈہ، عراق، افغانستان، ترکمانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، تھائی لینڈ، تائیوان، ملائیشیا اور انڈونیشیا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں لگایا گیا تھا اور کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کی، انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وفاقی سیکرٹری اکبر حسین درانی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ آمنہ عمران کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کھلاڑیوں کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں سہولیات فراہم کیں۔