متحدہ عرب امارات میں چوروں کی سائیکل پر واردات حماقت بن گئی

ایک چور واردات کے بعد ساتھی کی سائیکل پر سوار نہ ہو نے کے باعث قابو آ گیا، ملزمان کو2، 2 سال قید ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 6 نومبر 2019 15:03

متحدہ عرب امارات میں چوروں کی سائیکل پر واردات حماقت بن گئی
راس الخیمہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6نومبر 2019ء) راس الخیمہ میں مقیم دو غیر مُلکی افراد کو سائیکل پر واردات کرنے کی کوشش بھاری پڑ گئی۔ ملزمان ایک شخص سے موبائل فون اور 40 درہم لُوٹنے کے بعد سائیکل پر فرار ہو ر ہے تھے کہ ایک ملزم متاثرہ شخص کے قابو آ گیا، جسے پولیس کے حوالے کرنے کے بعد دوسرے ملزم کا بھی پتا چلا کر اسے گرفتار کر لیا گیا۔

عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ راس الخیمہ کے علاقے جزیرہ الحمرا کے علاقے میں ایک مزدور اپنے لیبر کیمپ کے باہر پھِر رہا تھا جب اُس کے پاس سے دو افراد سائیکل پر گزرے۔ اچانک ان میں سے ایک شخص نے اُس سے کہا کہ اُن کی کوئی چیز زمین پر گر گئی ہے۔ وہ اُنہیں اپنے موبائل کی لائٹ جلا کر دے تاکہ وہ گم شدہ چیز ڈھونڈ سکیں۔

(جاری ہے)

مزدور نے اُن کی بات پر یقین کرتے ہوئے جونہی اپنے موبائل کی لائٹ جلا کر اُنہیں موبائل پکڑا، تو ایک ملزم نے اُسے زور سے زمین پر دھکا دے کر گرا دیا اور اس کی جیب میں موجود بٹوہ جس میں 40 درہم تھے، موبائل سمیت لے کر فرار ہو گئے۔ تاہم مزدور فوراً زمین سے اُٹھ کھڑا ہوا اور سائیکل کے پیچھے دوڑ لگا دی۔ مزدور نے سائیکل پر پیچھے بیٹھے شخص کوپکڑا تو وہ سائیکل سے نیچے آن گِرا جبکہ اُس کا دُوسرا ساتھی سائیکل بھگا کر موقع سے فرار ہو گیا۔

مزدور نے ملزم کو اپنی گرفت میں لے کر لیبر کیمپ میں موجود اپنے دیگر ساتھیوں کو مدد کے لیے بُلا لیا۔ جنہوں نے مِل کر ملزم کو قابو کر لیا۔ پولیس کو اس واقعے کی اطلاع دی گئی ، جس نے ملزم کو گرفتار کر کے اُس سے تفتیش کی جس کے بعد مفرور ملزم کو بھی اُس کے ٹھکانے سے گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف عدالت نے فیصلہ سُناتے ہوئے انہیں دو سال قید کی سزا سُنا دی۔ ملزمان کو سزا کی مُدت پُوری ہونے کے بعد فوری طور پر ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :