6نومبر یوم شہداء تحریک آزادکشمیر کا اہم سنگ میل ہے‘سردار عتیق احمد خان

ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے حریت پسندوں کی جدوجہد آزادی میں پوری طرح شریک ہیں اور ان شاء اللہ ہم راہ آزادی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے

بدھ 6 نومبر 2019 15:10

مظفرآباد/بھمبربرنالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2019ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ6نومبر یوم شہداء تحریک آزادکشمیر کا اہم سنگ میل ہے جس دن لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان کی محبت اور ہندوستان سے وطن کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بھمبر،برنالہ ودیگر علاقوں میں یوم شہدائے جموں کے موقع پر مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یوم شہدائے جموں دراصل اس عزم کی تجدید کے لیے منایا جاتا ہے کہ جموں کہ مسلمانوں نی1947کو نومبر کے پہلے ہفتے میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ جس مقصد کے حصول کے لیے پیش کیاتھا اس مقصد کو نہ تو فراموش کیا جائے گا اور نہ ہی اس کے حصول میں آئندہ کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے حریت پسندوں کی جدوجہد آزادی میں پوری طرح شریک ہیں اور ان شاء اللہ ہم راہ آزادی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ آزادی اور جرات کا نعرہ بلند کرنے والوں کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء جموں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ہندوستانی انڈین ایکٹ سے جموں وکشمیر کو مٹادیا ہے لیکن ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے دلوں سے نہیں مٹا سکتا۔ ریاست جموں وکشمیر مکمل اکائی ہے اس کی تاریخی حیثیت کو بدلنے کا ہندوستان کو کوئی اختیار نہیں۔

اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیری عوام حق خودارادیت کے تحت اپنی مقدر کافیصلہ کریں گے۔سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ 6نومبر یوم شہداء جموں ڈوگرہ حکمرانوں اور انتہا پسندوں کی سفاکی اور انسانی دشمنی کی بھانک یاد کا نام ہے ۔ جب جموں وکشمیر کے لاکھوں مسلمانوں کو تہ و تیغ کر کے امن اور انسانیت کی دھجیاں بکھیر دیں۔انہوں نے کہا کہ 6نو مبر کا کشمیر کی تاریخ کا سیاہ دن ہے اس دن جموں وکشمیر کے مسلمانوں کو پاکستان لانے کا جھانسہ دے کر سامبہ کے مقام پر شہید کیاگیا ۔

لاکھوں مسلمانوں میں سے بہت تھوڑی تعداد میں لٹے پٹے لوگ پاکستان بھیجے تھے۔تقریب سے صدر مسلم کانفرنس مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج بھی مودی کی سرپرستی میں 6نومبر 1947کی تاریخ دھرائی جا رہی ہے ہندوستانی فوج کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر جو بربریت کی جا رہی ہے اس پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کہ حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

گزشتہ 3ماہ سے کشمیر میں کرفیو لگا ہوا ہے جس سے کشمیری مسلمانوں کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود ان لوگوں کے جذبہ حریت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی بلکہ اس میں شدت آئی ہے۔تقریب میںمسلم کانفرنس میرپور ڈویژن کے صدر چوہدری خضر حیات،ضلع بھمبر کے صدر راجہ محمد اقبال انقلابی ،ضلعی جنرل سیکرٹری مرزا اعجاز جرال ایڈووکیٹ ،صدر حلقہ برنالہ مرزا زبیر، جنرل سیکرٹری مرزا وفاق جرال ،مجاہد اول کے دیرینہ ساتھی چیئرمین مرزا محمد صادق جرال ،یوتھ ونگ کے مرکزی رہنما مرزا مظہر جرال بھی ہمراہ تھے ۔