بھارتی آلہ کار بی جے پی حکومت سے ساز باز کرکے آزادی کے کاز کو نقصان پہنچانے سے باز رہیں، پیپلز لیگ

بدھ 6 نومبر 2019 21:32

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر پیپلزلیگ نے بھارت نواز سیاستدانوں کو خبردارکیاہے کہ وہ بی جے پی کی قیادت میں فسطائی بھارتی حکومت سے ساز باز کرکے آزادی کے لیے کشمیری عوام کے جائز کاز کو نقصان پہنچانے سے باز رہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیپلز لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس اور بی جے پی کی کسی طرح کی مدد کرنے والے کشمیری سیاستدانوں کو کشمیریوںکا دشمن تصورکیا جائے گا اوران کے ساتھ اسی طرح سے نمٹا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے ان آلہ کاروں کی وجہ سے ہی جموںوکشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے کشمیر ی عوام پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے کشمیر دشمن اور مسلم دشمن ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں تعاون کرنے والوں کا سوشل بائیکاٹ کریں۔ ترجمان نے کہاکہ کشمیر ی قوم نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیںاورنریندرمودی کی قیادت میں فرقہ پرست بھارتی حکومت کے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھاکرکشمیریوں کی قربانیوں کا سودا کرنے والوں کو کشمیر ی عوام کے غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔