پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو دوسرے روز بھی جاری، ڈاکٹر فاروق ستار کا دورہ

کراچی کا انتظام اب ہمیں لفنگوں سے لے کر نوجوانوں کو دینا پڑے گا،سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 نومبر 2019 21:36

پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو دوسرے روز بھی جاری، ڈاکٹر فاروق ستار کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2019ء) سینئر سیاستدان و سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پانی کی کمی سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے، پانی ہماری قومی پالیسی کا حصہ ہونا چاہیے، پانی بچانے میں سب کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا انتظام اب ہمیں لفنگوں سے لے کر نوجوانوں کو دینا پڑے گا، اپوزیشن کے دھرنے میں شرکت سے متعلق ان کا کہنا تھاکہ وہ آج فیصلہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فاروق ستار نے ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری تین روزہ پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو کے دوسرے دن دورے یے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کیا۔ نمائش کے منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی نے نمائش میں پہنچنے پر ڈاکٹر فاروق ستار کو اسٹالز کا دورہ کرایا اور بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے، پانی ہماری قومی پالیسی کا بھی حصہ ہونا چاہیے، ایسے ایونٹس کو میئر کراچی اور مقامی حکومتوں کو بھی سپورٹ کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پانی سفید سونا ہے جس پر ماہرین کے مطابق دنیا میں جنگ ہوگی، پانی کی کمی سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے، پانی بچانے میں سب کردار ادا کریں۔ سمندر کے پانی کو میٹھا بنانے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ موسمی تبدیلی کے اثرات تیزی سے نظر آرہے ہیں، اس صورتحال میں ایسی نمائش کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اپوزیشن دھرنے سے متعلق سوال پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہماری او آر سی کا اجلاس ہوا اور 80 فیصد لوگوں نے مشورہ دیا کہ مولانا کے دھرنے میں جانا چاہیے، وہ ابھی کچھ اور مشورے کر رہے ہیں تاہم آج فیصلہ کریں گے کہ جانا چاہیے یا نہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی بڑی زمہ داری سے کام لینا چاہیئے، ہم پہلے ہی معاشی بحران سے دوچار ہیں، اپوزیشن کے مطالبات سے کہیں سیاسی بحران نا پیدا ہوجائے۔ ملک کو کسی بحران میں ڈال دینا ٹھیک نہیں۔ حکومت کو بھی اس صورتحال کا بہتر حل نکالنا چاہیے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کا ہم نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے، یہ مسئلہ عالمی مسئلہ ہے۔

میڈیا ٹاک کے دوران ایک شہری کے سوال پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ شہر کے مسائل پر کسی کی توجہ نہیں، نوجوانوں کو آگے لانے کے لیے نکلا ہوں، شہر کا انتظام اب ہمیں لفنگوں سے لے کر لونڈے لپاڑوں کو دینا پڑے گا، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 25 سے 35 سال کے لوگوں کو یو سی چیئرمین ہونا چاہیے، نوجوان ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں 50 سال سے ایک ہی جگہ رہتا ہوں، کہیں کوئی جائیداد یا سرمایہ کاری نہیں، میں ملک چھوڑ کر نہیں گیا، نئی پارٹی نہیں بنائی۔ علاوہ ازیں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور نوید مظہر نے بھی پاک واٹر اینڈ انرجی کا دورہ کیا۔ پاک واٹر اینڈ انرجی نمائش جمعرات تک جاری رہے گی۔