سموگ کے پیش نظر فصلوں کی باقیات جلانے پر عائد دفعہ 144کے نفاذ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ‘ وزیر زراعت کی ہدایت

وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں تمام اقدامات کوخود مانیٹرنگ کررہا ہوں ،کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی‘ نعمان لنگڑیال

جمعرات 7 نومبر 2019 12:37

سموگ کے پیش نظر فصلوں کی باقیات جلانے پر عائد دفعہ 144کے نفاذ پر سختی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2019ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ سموگ کے شدید حملے کے پیش نظر فصلوں کی باقیات کو جلانے پر عائد دفعہ 144کے نفاذ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں اس حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کوخود مانیٹرنگ کررہا ہوں اور کسی بھی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، عوام بارش کیلئے دعائیں اور استغفار کریں تاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس طرح کی آفات سے محفوظ رکھے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر زراعت نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ پنجاب حکومت سموگ کے خطرات کے پیش نظر پہلے سے الرٹ ہے اور اس سلسلہ میں پیشگی اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ صوبہ بھر میں فصلوں کی باقیات کو جلانے پر دفعہ 144نافذ ہے اس لئے محکمہ زراعت کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز اور فیلڈ افسران کو واضح احکامات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہ دی جائے ۔

(جاری ہے)

اگر کسی شہر میں فصلوں کی باقیات کو جلانے کی نشاندہی ہوئی تومتعلقہ افسر اس کا ذمہ دار ہو گا اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔نعمان لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکموں کے ذمہ داران سے رابطے میں ہیں اور میں خود بھی اس کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں ۔ عوام سے اپیل ہے کہ بارش کیلئے دعائیں اور استغفار کریں تاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں ہم اس طرح کی آفات سے محفوظ رکھے۔