تعلیمی اداروں میں منشیا ت کااستعمال ، ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر جنرل انٹی نارکوٹکس فورس ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

ریگولیٹر کی لسٹ میں تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام بھی ڈالیں،جسٹس عامرفاروق نے پیرا وکیل کو ہدایت

جمعرات 7 نومبر 2019 15:07

تعلیمی اداروں میں منشیا ت کااستعمال ، ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر جنرل انٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کیخلاف کیس میں آئندہ سماعت پر ڈائریکٹر جنرل انٹی نارکوٹکس فورس ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لیے پالیسی مرتب کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جمعرات کو کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی۔

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل کاشف ملک پیش ہوئے۔ دور ان سماعت ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو پالیسی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ۔جسٹس عامرفاروق نے پیرا وکیل کو ہدایت کی کہ ریگولیٹر کی لسٹ میں تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام بھی ڈالیں،پیر ا وکیل نے کہاکہ ہم اس حوالے سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ اب تو سکولز کی سطح پر بھی یہ معاملہ آ چکا ہے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر سے استفسار کیاکہ آپ کے محکمے کے افسر کو کچھ نہیں پتہ، ایسا کیوں ہے۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے کہاکہ ہماری پلاننگ ہے سپلائی ڈیمانڈ کم کرنے کے لیے کوشش کررہے ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ آپ منشیات کے چھوٹے مجرموں کو تو پکڑ رہے ہیں بڑی مچھلیاں کون پکڑیگا۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ منشیات کیسز میں چار سال سے ضمانتیں سن رہا ہوں پتہ نہیں کیوں نیلا شاپر ہی پکڑا جاتا ہے۔ عدالت نے کہاکہ اسلام آباد انتظامیہ کا یہ کام ہے درخواست ہمارے سامنے ہو یا نہ ہو کام نظر آنا چاہیے۔ کیس کی مزید سماعت چار ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :