عمران صدیقی وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان مقرر، نوٹیفکیشن جاری

جمعرات 7 نومبر 2019 16:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2019ء) عمران صدیقی وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان مقرر ہو گئے۔ وزارت سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران صدیقی گذشہ 4 سال سے وزارت ِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے میڈیا سیل کے ہیڈ کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے وزارتِ مذہبی امور کے شعبہ حج ، تحقیق و مراجع ، دعوة ، زیارات ، اور بین المذاہب ہم آہنگی کے تحت ہونے والے حج آپریشن، بین الاقوامی سیرت کانفرنس اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے اقلیتیوں کے قومی دنوں کی تقاریب کو قومی سطح پر اجاگر کرنے اور وزارت کا مثبت امیج عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور وفاقی سیکرٹری میاں مشتاق بورانہ نے عمران صدیقی کی محنت ، لگن ، وزارت کے ساتھ وابستگی اور ان کے کام کو سراہتے ہوئے وزارتِ مذہبی امور کا ترجمان مقرر کیا ہے۔

(جاری ہے)

عمران صدیقی نے ترجمان وزارت مذہبی امور مقرر کئے جانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور وفاقی سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرے اوپر کئے گئے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیوں کو بروے کار لاوں گا اور وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کو پوری ایمان داری سے سر انجام دوں گا۔

متعلقہ عنوان :