سعودی عرب شاہی خاندان پر تنقید کرنے والے ٹوئٹر صارفین کی جاسوسی کے الزام میں امریکا میں تین افراد پر فرد جرم عائد

جمعرات 7 نومبر 2019 16:59

سان فرانسسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2019ء) سعودی عرب شاہی خاندان پر تنقید کرنے والے ٹوئٹر صارفین کی جاسوسی کے الزام میں امریکا کے شہر سان فرانسسکو کی ایک عدالت میں تین افراد پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی شہری احمد ابو عامو اور سعودی شہری علی الزباراح پر جاسوسی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق ایک تیسرے شخص کا نام بھی مقدمے میں شامل ہے جس کا نام احمد المتاعری بتایا گیا ہے اور اس کی شناخت سعودی شہری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ الزامات کے مطابق احمد المتاعری ٹوئٹر میں کام کرنے والے احمد ابو عامو اور علی الزباراح اور سعودی حکام کے مابین رابطے کا ذریعہ تھے۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت (کل)جمعہ کو ہوگی۔ استغاثہ نے سان فرانسسکو کی عدالت کے روبرو لگائے گئے الزامات میں کہا ہے کہ سعودی نژاد ملازمین نے ٹوئٹر پر سعودی حکومت کے ناقدین اور دیگر صارفین کی ذاتی معلومات جمع کی ہیں۔