جامعہ کشمیر ،سینٹرل لائبریری میںشعبہ رسائل وجرائد کا قیام

کتابوں کے مطالعے میں نئے رجحانات سے مستفید ہونا انتہائی ضروری ہے،وائس چانسلر کا خطاب رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے شعبہ رسائل وجرائد کا افتتاح کیا،چیف لائبریرین ڈاکٹر افتخار احمد،فرحت کاظمی اور دیگر کی شرکت

جمعرات 7 نومبر 2019 18:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2019ء) آزاد جموںوکشمیر یونیورسٹی کی سینٹرل لائبریری میں شعبہ رسائل وجرائد کا قیام۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے شعبہ رسائل و جرائد کا افتتاح کیا۔ رئیس جامعہ کا شعبہ رسائل ،جرائد کے افتتاح کے علاوہ سینٹرل لائبریری میں قائم ای بک کے سیکشن کابھی دورہ،کیا کتابوں کے مطالعہ میںبدلتے ہوئے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا اور نئے رجحانات سے مستفید ہونا انتہائی ضروری ہے۔

ای بکس کے قیام سے طلبہ کوجہاں کتابوں تک رسائی ہو سکے گی وہاں وہ ملک کی بڑی جامعات کی لائبریریوں سے بھی لنک ہو سکتے ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کا لائبریری سٹاف سے خطاب ۔ ترجمان جامعہ کشمیر کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کی سینٹرل لائبریری میں شعبہ رسائل وجرائد کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف لائبریرین پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد، لائبریرین سید فرحت کاظمی، محمد مرجان،رفیق قریشی ،رفاقت عباسی ،سمیرا خان بھی موجود تھے۔سینٹرل لائبریری کے لائبریرین سید فرحت کاظمی نے نئے قائم ہونے والے شعبہ کی اہمیت اور لائبریری کے دیگر شعبہ جات کے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس شعبہ میں 122سے زائد انٹر نیشنل ،نیشنل اداروں کے رسائل کے علاوہ 62ہزار سے زائد ای بکس موجود ہیں، ای بکس کے قیام سے جہاں جامعہ کشمیر کے اسکالرز کو معیاری میٹریل تک رسائی ممکن ہوگی، وہاں ریسرچ میں بھی آسانی ہو گئی ہے۔

لائبریرین سید فرحت کاظمی نے مزید بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور قائد اعظم یونیورسٹی کی سینٹرل لائبریری کے ساتھ جامعہ کشمیر کی لائبریری منسلک کی گئی ہے،جس سے طلبہ استفادہ کر رہے ہیں۔ بریفنگ کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے جامعات میں لائبریری کی اہمیت اور افادیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہاکہ ای بکس لائبریری وقت کی اہم ضرورت ہے ،جامعہ کشمیر کے طلبا و طالبات قائد اعظم یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بعد انکی لائبریریوں تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اپنی تحقیق میں معاونت حاصل کرسکتے ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے سینٹرل لائبریری میں شعبہ رسائل وجرائد کے قیام پر چیف لائبریرین ،لائبریرین اور دیگر سٹاف کو مبارکباد دی۔