دھرنا میں پارٹی قیادت نے شرکت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ،رانا تنویر حسین

اپوزیشن کی رہبر کمیٹی اور اے پی سی کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک میں نواز لیگ بھرپور حصہ لے گی،سینئر رہنما مسلم لیگ (ن)

جمعرات 7 نومبر 2019 18:33

دھرنا میں پارٹی قیادت نے شرکت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ،رانا تنویر حسین
شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہاہے کہ پارٹی رہبر محمد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ اور اسلام آباد جلسہ میں ایک دن کیلئے بھرپور شرکت کی ہدایت کی تھی جس کے مطابق نواز لیگ نے کراچی سے لیکر وسطی پنجاب تک آزادی مارچ کے شرکاء کا بھرپور استقبال اور شرکت کی، دھرنا میں پارٹی قیادت نے شرکت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم اپوزیشن کی رہبر کمیٹی اور اے پی سی کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک میں نواز لیگ بھرپور حصہ لے گی، موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے اور اس کے اقدامات سے ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہورہے ہیں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے بہترین علاج معالجہ کیلئے بیرون ملک جانے کے حوالے سے پارٹی کے اندر کوئی اختلافات نہ ہیں اور اگر علاج کیلئے بیرون ملک جانا چاہیں تو اس پر اعتراض نہیں اتفاق کی ضرورت ہے،نواز لیگ کے ڈویڑنل جنرل سیکرٹری پیر سید اشرف رسول ایم پی اے، سابق چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور ، ترجمان نواز لیگ محمد ندیم گورائیہ اورملک نوید چوہان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ محمد نواز شریف کی رہائی کے بعد مریم نواز شریف کی رہائی کسی ڈیل کا حصہ نہیں بلکہ عدالتوں نے انہیں میرٹ پر رہا کرکے ہمارے اصولی موقف کی تائید کی ہے اس وقت پارٹی قیادت کو محمد نواز شریف کی صحت کے متعلق گہری تشویش ہے اور مریم نواز بھی بیٹی کی حیثیت سے اپنے والد کے علاج معالجہ پر توجہ دیں گی، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کسی ایسے غیر آئینی و غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بنے گی جس سے جمہوری بساط لپیٹے جانے کا خدشہ ہو ہم مولانا فضل الرحمن کے تمام مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے حکومت مخالف تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے کیونکہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے۔