چیف آفیسر اوستہ محمد کا چارج چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے ، محمد انور قمبرانی

شہر کو ماڈل سٹی ٹائون میں تبدیل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،چیف آفیسر اوستہ محمد

جمعرات 7 نومبر 2019 22:12

اوستہ محمد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2019ء) چیف آفیسر اوستہ محمد کا چارج چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔شہر کو ماڈل سٹی ٹائون میں تبدیل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیف آفیسر محمد انور قمبرانی نے میونسپل کمیٹی اوستہ محمد کا چارج سنبھالنے کے بعد پریس کلب اوستہ محمد کا دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اوستہ محمد شہر میرا گھر ہے۔

اپنے گھر کو خوبصورت بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیئے جائیں گے۔شہری و تاجر برادری صفائی عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔اس موقع پر صدر پریس کلب اوستہ محمد حنیف مینگل،نائب صدر حارث خواجہ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالفتاح رند ،سینئر صحافی ذوالفقار کھوسہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی کی صورتحال کومذید بہتر کرنے کیلئے ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔صفائی پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صفائی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر پابند کر دیا گیاہے اور صفائی کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں ۔ڈیوٹی سے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور دیانتدار و فرض شناس اہلکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

چیف آفسیر نے مذید کہا کہ اوستہ محمد شہر کی آبادی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے اور صفائی عملے کی تعداد انتہائی کم ہے۔جسکی وجہ سے مشکلات درپیش ہو رہے ہیں۔لیکن ان تمام تر مسائل کے باوجود شہر کی خوبصورتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے ہم پر عزم ہیںاور دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے عوام کے اجتماعی مسائل حل کیلئے اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔انور قمبرانی نے مذید کہا کہ میونسپل کمیٹی کو اپ گریڈ کرنے کیلئے بلوچستان حکومت اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کو لکھا گیا ہے۔انشاء اللہ جلد میونسپل کمیٹی کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ حاصل ہو جائے گا۔جس سے اوستہ محمد کی عوام کا درینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا۔