اپنی ماں کے لئے رشتے کی تلاش، نوجوان لڑکی کی جانب سے دیا گیا اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل

’’ماں کے لئے دولہے کی تلاش ہے، عمر پچاس سال سے زائد نہیں ہونی چاہے‘‘، بھارت میں لڑکی نے نئے باپ کی تلاش کے لئے اشتہار دے دیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 7 نومبر 2019 21:58

اپنی ماں کے لئے رشتے کی تلاش، نوجوان لڑکی کی جانب سے دیا گیا اشتہار ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07نومبر2019ء) عام طور پر مائیں اپنی بیٹیوں کے رشتے تلاش کرتی ہیں لیکن گزشتہ دنوں بھارت میں ایک بیٹی نے اپنی ولدہ کے رشتے کے لیے ٹوئٹر پر اشتہار دےدیا جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس لڑکی کا نام آستھاورما ہے جس نے اپنی اور اپنی ولدہ کی ایک تصویر ٹویٹر پر پوسٹ کی اور ساتھ لکھا کہ ”میری ماں کے لیے رشتہ درکار ہے۔

مرد ہینڈسم ہو اور اس کی عمر 50سال سے زیادہ نہ ہو۔ وہ سبزی خور ہو، شراب نہ پیتا ہو اور مالی طور پر مستحکم ہو۔“
نوجوان لڑکی نے یہ ٹوئٹ تین دن قبل کی تھی اور اب تک ان کی اسی ٹوئٹ پر 13 ہزار سے زائد افراد نے کمنٹ کیے ہیں، جن میں سے زیادہ تر افراد نے ان کی تعریف کی۔ کئی افراد نے نوجوان لڑکی کی والدہ کے لیے دلہے بھی تجویز کیے اور کہا کہ نریندر مودی اور بولی وڈ اداکار انیل کپور جیسے مرد ان کی والدہ کے لیے آئیڈیل دلہے ہیں۔

(جاری ہے)

بعض افراد نے انہیں اپنی والدہ کے لیے بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ اور بولی وڈ خان سلمان خان جیسے افراد بھی بطور دلہا تجویز کیےاستھا ورما کے ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق وہ نیل پالش آرٹسٹ ہیں اور وہ اس حوالے سے آن لائن اسٹور بھی چلاتی ہیں۔ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ شاعری بھی کرتی ہیں، ساتھ ہی وہ قانون کی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں اور وہ نظریاتی طور پر ملحد اور نرگسیت کا شکار بھی ہیں۔

تاہم لوگ ان کی جانب سے والدہ کیلئے رشت تلاش کرنے کی تعریف کر رہے ہیں اور اس ٹویٹ کو بہت زیادہ وائرل کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ابھی تک استھا ورما کا کوئی ردِعمل نہیں آیا کہ وہ اس حوالے سے کیا کہتی ہیں یا کیسا محسوس کرتی ہیں۔ تاہم لوگ اس پر دھڑا دھڑ ٹویٹس کر رہے ہیں اور فیس بک اور ٹویٹر پر اس حوالے سے مزاحیہ میمز بھی گردش کررہی ہیں۔