ایمنسٹی میں کہا جاتا ہے کہ ریاست آپ کے سامنے بے بس ہے: اسد عمر کا ایمسٹی سکیم پر ردِعمل

8 سو ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی جس میں سے اب تک صرف ایک ارب روپے وصول ہوئے ہیں: اسد عمر کا شبرزیدی سے مکالمہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 7 نومبر 2019 22:40

ایمنسٹی میں کہا جاتا ہے کہ ریاست آپ کے سامنے بے بس ہے: اسد عمر کا ایمسٹی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07نومبر2019ء) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق وزیرِ خزانہ اسد عمر نے ایمسٹی سکیم پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمنسٹی میں کہا جاتا ہے کہ ریاست آپ کے سامنے بے بس ہے۔ اسد عمر نے شبر زیدی سے کہا کہ ساڑھے 5 ارب ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی گئی، 8 سو ارب روپے میں سے صرف ایک ارب روپے وصول ہوئے، ایمنسٹی میں کہا جاتا ہے کہ ریاست آپ کے سامنے بے بس ہے۔

اسد عمر کی بات پر چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ 325 میں سے کچھ سیاست دانوں نے ایمنسٹی اسکیم حاصل کی ہے لیکن عوامی عہدہ رکھنے والے کسی سیاست دان نے ایمنسٹی سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ آج قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین اسد عمر کی صدارت میں ہوا، جس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی و دیگر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ بیرون ملک جائیدادیں رکھنے والے 325 کیسز کے خلاف کارروائی شروع کی گئی تھی، ان میں سے 135 افراد نے 2018 میں ٹیکس ایمنسٹی حاصل کی جبکہ 2019 میں 56 افراد نے ٹیکس ایمنسٹی حاصل کی۔ شبر زیدی کے مطابق 2018 میں 62 ارب روپے کا کالا دھن سفید کیا گیا جبکہ 2019 میں 31 ارب 78 کروڑ کا کالا دھن سفید کیا گیا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 115 کیسز ابھی تک زیر التوا ہیں، ان کیسز پر 4 ارب روپے کا ٹیکس لگایا گیا جبکہ ایف بی آر کو صرف ایک ارب روپے کا ٹیکس وصول ہوا کیونکہ زیادہ تر کیسز میں اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔ اس پر اسدعمر کا کہنا تھا کہ ساڑھے 5 ارب ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی گئی، 8 سو ارب روپے میں سے صرف ایک ارب روپے وصول ہوئے ہیں۔