Live Updates

کویت ائیرویز کا 19 سال بعد کراچی کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ

خلیجی ملک کی ائیرلائن نے 2000 میں ایک دہشت گرد حملے کے دوران اپنے دفتر کے تباہ ہو جانے کے بعد شہر قائد کیلئے پروازیں بند کر دی تھیں

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 نومبر 2019 23:21

کویت ائیرویز کا 19 سال بعد کراچی کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 نومبر2019ء) کویت ائیرویز کا 19 سال بعد کراچی کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ، خلیجی ملک کی ائیرلائن نے 2000 میں ایک دہشت گرد حملے کے دوران اپنے دفتر کے تباہ ہو جانے کے بعد شہر قائد کیلئے پروازیں بند کر دی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کی بہترین ائیرلائنز میں سے ایک تصور کی جانے والی خلیجی ملک کویت کی ائیرلائن نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کیلئے 19 برس بعد پروازوں کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

کویت ائیرویز اس وقت پاکستان کے دو شہروں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور کیلئے پروازیں چلا رہی ہے۔ 19 برس قبل کراچی میں واقع اس وقت کے مشور ہوٹل شیرٹن پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں وہاں واقع کویت ائیرویز کا دفتر مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

اس حملے کے بعد کویت ائیرویز نے پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔

تاہم بعد ازاں خلیجی ملک کی ائیرلائن نے پاکستان کے دو شہروں لاہور اور اسلام آباد کیلئے پروازوں کا آغاز کر دیا تھا۔ اب جب تحریک انصاف کی حکومت کے آنے کے بعد دنیا کی کئی بہترین ائیرلائن نے پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تو ایسے میں کویت ائیرویز نے بھی 19 سال سے بند کراچی کے روٹ کیلئے پروازوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس وقت کویت میں تقریباً ایک لاکھ سے زائد پاکستانی آباد ہیں۔ کویت ائیرویز کی جانب سے شہر قائد کراچی کیلئے پروازوں کا آغاز کیے جانے کے بعد کویت میں مقیم پاکستانی مستفید ہوں گے۔ جبکہ پاکستان کی حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کیلئے جانے والی کوششوں اور کویت ائیرویز کی جانب سے کراچی کیلئے پروازیں بحال کرنے کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد پاکستان کا باآسانی رخ کر سکے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات